Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل کل مکمل ہوگا

شائع 09 جولائ 2019 06:31pm

indvnz

مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے عالمی کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل کو بارش کے باعث روک دیا گیا تھا جس کے بعد بارش نہ رُکی تو میچ کا بقیہ حصہ کل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ رولز کے مطابق دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ایک اضافی دن رکھا گیا ہے، یعنی اگر میچ مکمل نہ ہوسکے تو اسے اگلے روز مکمل کیا جاسکتا ہے۔

ٹورنامنٹ قواعد و ضوابط کے مطابق بارش کی وجہ سے دوسرے دن میچ کو 20 اوورز تک بھی محدود کیا جا سکتا ہے، دونوں سیمی فائنلز میں میچ مکمل طور پر واش آؤٹ ہوا تو لیگ میں زیادہ پوائنٹس لینے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔

اس کے علاوہ سیمی فائنلز اور فائنل میچ ٹائی ہوا تو فیصلہ سوپر اوور سے کیا جائے گا۔

واضح رہے آج جب کھیل کو بارش کے باعث روکا گیا تو کیوی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46 اعشاریہ 1 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بناچکی تھی۔

کیویز کی جانب سے روس ٹیلر 67 اور ٹام لیتھم 3 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

اس کے علاوہ کپتان کین ولیمسن 67، ہینری نکلس 28، ڈی گرینڈہوم 16، جمی نیشم 12 اور مارٹن گپٹل ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور، بھمرا، پانڈیا، جڈیجہ اور چاہل تمام ہی گیند بازوں نے ایک ایک وکٹ حاصل کررکھی ہے۔ بقیہ میچ کل مکمل کیا جائے گا۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل: کھیل دوبارہ شروع نہ ہوا تو کیا ہوگا؟

مانچسٹر: اس وقت بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان عالمی کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل کھیلا جارہا ہے تاہم میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ہے اور موسم کا حال بتانے والوں کی جانب سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاید آج دوبارہ کھیل شروع نہ ہوسکے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں اگر آج دوبارہ کھیل شروع نہ ہوسکا تو اس میچ کا نتیجہ کیسے اخذ کیا جائے گا؟ شاید زیادہ تر لوگوں کو یہ بات معلوم نہ ہو۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر آج کیویز اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا پہلا سیمی فائنل دوبارہ شروع نہ ہوسکا تو کل اس میچ کو دوبارہ یہیں سے شروع کیا جائے گا، کیونکہ سیمی فائنل اور فائنل کے لئے ایک دن اضافی رکھا گیا ہے۔

لیکن اب سوال یہ جنم لیتا ہے کہ آج کی طرح کل بھی مسلسل بارش جاری رہے تو پھر کیا کِیا جائے گا؟ تو آپ کو بتاتے چلیں کہ اگر کل بھی اسی طرح بارش کا سلسلہ جاری رہا یا میچ ٹائی یوا تو سپر اوور کے ذریعے میچ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اگر سپر اوور بھی ممکن نہ ہوسکا تو دیکھا جائے گا کہ لیگ اسٹیج میں کس ٹیم کے پوائنٹس زیادہ تھے یعنی اگر مسلسل بارش جاری رہی اور میچ کا نتیجہ ممکن نہ ہوا تو لیگ اسٹیج میں ٹاپ کرنے والی بھارتی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ کیویز ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائیں گے۔

اس کے علاوہ اگر فائنل معرکے میں بھی یہی صورتحال رہی اور 2 دن مسلسل بارش جاری رہی تو دونوں فائنلسٹ ٹیمیں آپس میں ورلڈکپ ٹائٹل کو شیئر کریں گی۔