Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

قومی دولت کا حساب لیا جائے گا، عمران خان

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2019 02:05pm

imrankhanimagede

وزیراعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ  ماضی کی حکومتوں کے دوران اڑائی گئی دولت کا حساب لیا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی،ن لیگ دورحکومت کےاخراجات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ  نوازشریف نےغیرملکی دوروں پر1421.5ملین روپےخرچ  کیے۔ آصف زرداری کےغیرملکی دوروں پر183.5ملین روپےخرچ ہوئے۔

اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ  سابق حکمران قومی خزانےسےپرتعیش دورے کرتے رہے اور ملک و قوم کو ان غیر ملکی دوروں سے کیا حاصل ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں اڑائی گئی دولت کا حساب لیا جائے گا۔

کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ماضی میں جو فضول خرچیاں ہورہی تھیں انہیں سوچ کر رونگٹے کھڑے ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ آصف زرداری  اپنے دور صدارت میں 134 بار ملک سے باہر گئے،  اورمجموعی طور پر زرداری 257 دن ملک سے باہر رہے، زرداری اپنے ساتھ سوا تین ہزار لوگوں کو لے بھی لے گئے۔

شفقت محمود نے دعویٰ کیا کہ  زرداری نے بیرونی دوروں پر 1 ارب 42 کروڑ روپے خرچ ہوئے، اسوقت پاکستان قرضوں پر قرضے لے رہا تھا۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ساڑھے چار کروڑ کے تحفے تحائف دیئے،  زرداری نے دبئی کے 51 دوروں پر 10 کروڑ خرچ کئے، ان دوروں میں 48 ذاتی نوعیت کے دورے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرداری نے لندن کے 17 دوروں پر 32 کروڑ خرچ ہوئے۔

نوازشریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ  انہوں نے 4 سالوں میں 262 دن ملک سے باہر دوروں پر رہے،  نوازشریف نے 1 ارب 84 کروڑ روپے بیرونی دوروں پر خرچ کئے۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہنواز نے 3 کروڑ روپے ٹپس اور 6 کروڑ کے تحفے بانٹ دیئے،  انہوں نے لندن کے 24 دوروں پر 22 کروڑ 39 لاکھ روپے خرچ کئے۔ان میں سے 20 دورے نجی نوعیت کے تھے۔