چیئرمین پی سی بی کا کپتان کی تبدیلی کا عندیہ
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے کر کپتان کی تبدیلی کا عندیہ دے دیا۔
لندن میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگلے چار سال کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔
احسان مانی نے کہا کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر سے ملاقات میں صرف ٹیم کی کارکردگی سے متعلق بات ہوئی، معاہدے میں توسیع کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔
کوچنگ اسٹاف کی تقرریاں ان کے چیئرمین بننے سے پہلے کی گئی تھیں، اب ورلڈکپ کے بعد ٹیم کی کارکردگی کو ہر لحاظ سے پرکھا جائے گا اور اگلے چار سال کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کئے جائیں گے جن میں کپتان کی تقرری بھی شامل ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے تاہم اس میں ذہنی پختگی کی کمی ہے جس پر کام ہونا ہے۔
احسان مانی نے اس تاثر کو بھی مسترد کردیا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ میں موجودگی کوچنگ اسٹاف یا ٹیم منیجمنٹ کے کام میں مداخلت کا سبب بنی۔
Comments are closed on this story.