Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

'جو 15 کھلاڑی ورلڈکپ کھیلنے گئے ان میں ریلو کٹا کوئی نہیں'

شائع 09 جولائ 2019 01:09pm

babarimam

لاہور: لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جو 15 کھلاڑی ورلڈکپ کھیلنے گئے ان میں ریلو کٹا کوئی نہیں تھا، بھارت کیخلاف میچ سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سرفراز ٹیم میں کسی ریلو کٹے کو نہ کھلائیں۔ 

دوسری جانب قومی اوپنر امام الحق کہتے ہیں کہ ریلو کٹا کس کو کہا، کس نے کہا، مجھے نہیں پتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف سلیکٹر کا بھتیجا ہونے کا فائدہ یا نقصان کا پتا نہیں، اللہ کے سوا میرا مستقبل کوئی نہیں بتا سکتا۔

امام الحق کا مزید کہنا تھا کہ شکست کی ذمہ داری چیف سلیکٹر پر ڈالنا درست نہیں، غیر ملکی دوروں پر سوشل میڈیا سے دور رہتا ہوں۔

بابرا عظم نے گروپنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے ہار جائیں تو ہر چیز پر ہی تنقید ہوتی ہے۔

امام الحق نے مزید کہا کہ کرکٹ پر تنقید کریں لیکن ذاتی زندگی پر بات نہ کریں، ہر میچ کے بعد کھانے پینے اور سونے پر نظر رکھی جائیگی تو پرفارمنس مشکل ہوگی۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم یہ نہیں جانتے کہ بھارت انگلینڈ سے جان بوجھ کر ہارا ہے۔ کپتان سرفراز کی حمایت میں ان کا کہنا تھا کہ جمائی کسی کو بھی آسکتی ہے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ کپتان کے حوالے سے فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، جاوید میانداد جیسے بڑے لیجنڈ کا ریکارڑ توڑنا اعزاز کی بات ہے۔

امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے جس طرح کم بیک کیا وہ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ ورلڈکپ میں ہم نے بہت بری فیلڈنگ کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جتنی فیلڈنگ پریکٹس ہم نے کی کسی ٹیم نے نہیں کی ہوگی، سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کا افسوس ہے۔