Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

مریم نواز کی دکھائی جانیوالی ویڈیو جھوٹی اور جعلی ہے: جج ارشد ملک

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2019 09:24am

Untitled-1

اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے ن لیگ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو حقیقت کے برعکس اور ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ویڈیو جعلی، جھوٹی اور مفروضے پر مبنی ہے، مجھ پر بالواسطہ یا بلا واسطہ کوئی دباؤ نہیں تھا اور تمام فیصلےخدا کو حاضر ناظر جان کے قانونی شواہد کی بنیاد پر کیے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے پریس کانفرنس محض میرے فیصلوں کو متنازع اور سیاسی فوائد حاصل کرنے کیلئے کی گئی۔

WhatsApp Image 2019-07-07 at 12.42.11 PM

ارشد ملک کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر میں نے دباؤ یا رشوت کی لالچ میں فیصلہ سنانا ہوتا تو ایک میں سزا اور دوسرے میں بری نہ کرتا۔

مریم نواز کی پریس کانفرنس پر اپنا موقف دیتے ہوئے احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ نوازشریف کے مقدمے کے دوران مجھے بارہا ان کے نمائندوں کی جانب سے رشوت کی پیشکش کی گئی۔

پریس ریلیز میں ارشد ملک نے اعتراف کیا کہ ناصر بٹ سے میری پرانی شناسائی ہے، ناصر بٹ اور اس کے بھائی عبداللہ بٹ عرصہ دراز سے مختلف اوقات میں مجھ سے مل چکے ہیں۔

جج نے کہا کہ مریم صفدر صاحبہ کی پریس کانفرنس میں دکھائی جانے والی ویڈیو حقائق کے برعکس ہے اور مختلف مواقعوں پر ہونے والی گفتگو کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔