مفتی اعظم نے حج اور عمرے کے بائیکاٹ کی اپیل کردی
لیبیا کے مفتی اعظم نے مسلمانوں کو حج اور عمرے کا بائیکاٹ کرنے کا فتویٰ جاری کر دیا۔ کئی دیگر مفتیان کرام نے بھی مسلمانوں کو سعودی عرب جانے سے منع کردیا ہے۔
لیبیا کے مفتی اعظم صادق الغاریانی کی طرف سے جاری کئے گئے فتوے میں کہا گیا ہے کہ حج اور عمرے کے زائرین سے حاصل کی گئی کمائی کو سعودی حکومت دیگر مسلمانوں کے قتل کیلئے استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین جو پیسہ سعودی حکومت کو دیتے ہیں،اس پیسے کا استعمال کرکے سعودی حکومت دوسرے مسلمانوں کے خلاف جرائم کرنے کیلئے استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے فتوے میں کہا کہ جو افراد پہلے حج یا عمرہ کر چکے ہیں وہ اگر دوبارہ جاتے ہیں تو یہ ثواب نہیں بلکہ گناہ ہوگا۔ ان سے قبل اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے مفتی یوسف القرضاوی نے ایک فتوے میں حج و عمرہ نہ کرنے کا کہتے ہوئے کہا کہ اللہ کو آپ کے حج کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے فتوے میں کہا اصل ذمہ داری جو اللہ نے آپ پر ڈالی ہے، وہ ہے اپنے بندوں کے کام آنا، انہوں نے کہاکہ حج اور عمرے پر مسلمان پیسہ خرچ کرنے کی بجائے بھوکوں کو کھانا کھلائیں، بیماروں کی تیمار داری اور علاج کریں اور بے گھروں کو گھر دیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی نگاہ میں پیسے کا یہ استعمال حج اور عمرے سے کہیں بہتر ہے۔
Comments are closed on this story.