حجاج کرام کو 25 سے 58 ہزار روپے واپس ملیں گے
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو 25 سے 58 ہزار روپے واپس ملیں گے۔
دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ حجاج کرام کو بنیادی سہولیات دی جائیں، جب سعودی شہزادے پاکستان آئے تھے تو وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہمیں بھی روڈ ٹو مکہ کی سہولت دی جائے، کل سے 25 سے 30 ہزار افراد اسلام آباد روڈ تو مکہ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے جس کے لیے 61 رکنی عملہ پہنچ چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایک لاکھ 75 ہزار سے بڑھ کر دو لاکھ حاجی اپنا فریضہ ادا کریں گے، حاجیوں کے لیے پہلی بار ای ویزہ کی سہولت دی جائے گی، جب کہ حجاج کرام کو 25 سے 58 ہزار روپے واپس ملیں گے۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد حج 2019 کی تیسری قرعہ اندازی کی گئی، وفاقی سیکرٹری میاں محمد مشتاق احمد نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا، قرعہ اندازی میں 4 ہزار 316 درخواست گزار کامیاب قرار پائے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے، قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کردیا گیا ہے، کامیاب درخواست گزار 10 جولائی تک وزارت کی مختص کردہ بینکس کی برانچوں میں رقوم اور فارم جمع کرواسکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.