Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

زائرہ وسیم نے اپنے منیجر کی تردید کردی

شائع 01 جولائ 2019 05:50pm

zairawasim

بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم ان دنوں ایک ہاٹ ٹاپک بنی ہوئی ہیں، گزشتہ روز انہوں نے بولی وڈ فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے یہ فیصلہ لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا کام ان کے مذہب کے درمیان آرہا تھا اور وہ مذہب سے دور ہورہی تھیں۔

زائرہ کی اس پوسٹ نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا، تاہم کچھ لوگوں نے کہا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔

اداکارہ سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی ردعمل نہیں دیا مگر جب ان کے منیجر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ زائرہ کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور ہم یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کا اکاؤنٹ کس نے ہیک کیا ہے۔

منیجر کے اس بیان پر اداکارہ زائرہ وسیم نے خود سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'میرا کوئی اکاؤنٹ ہیک نہیں ہوا ہے، ان سبھی اکاؤنٹس کو میں خود ہینڈل کررہی ہوں۔ برائے مہربانی ایسی کسی خبر پر یقین نہ کریں اور نہ ہی ایسی باتیں پھیلائیں۔ شکریہ'۔

واضح رہے زائرہ وسیم کے بولی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد مختلف خبریں سامنے آرہی تھیں۔ ایک طرف ان کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جارہا ہے تو دوسری جانب تنقید بھی کی گئی۔

متعدد بولی وڈ اداکاروں نے بھی اس موضوع پر اپنا اظہار خیال کیا جبکہ علمائے کرام کی جانب سے بھی ان کا استقبال کیا گیا اور اسے درست فیصلہ قرار دیا۔

تاہم بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان اور سینئر لیڈر شاہنواز حسین نے کہا کہ زائرہ وسیم نے یہ قدم دباؤ میں اٹھایا ہے، اسلام میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔

زائرہ کے اس فیصلے پر فلم ساز رائے کپور نے انہیں ایک بہترین فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے ہماری فلم 'دی اسکائی ازپنک' میں عائشہ چودھری کا کردار ادا کیا۔ وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران پوری طرح سے پیشہ ور رہیں، جواس ماہ کی شروعات میں ختم ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری طرح ذاتی فیصلہ ہے، جو انہوں نے کافی غور و فکر کے بعد کیا ہے اور ہم ہر طرح سے ان کی حمایت کریں گے، ابھی بھی اور ہمیشہ ہی۔

دوسری جانب گلوکار ابھیجیت نے زائرہ وسیم کے اس فیصلے کو ایکٹنگ قرار دیا، ایک بھارتی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹنگ ہے اور یہ ایکٹنگ سب سے بڑی ایکٹنگ ہے۔

بولی وڈ کے سینئر اداکار رضا مراد نے اسے زائرہ کا ذاتی فیصلہ قرار دیا ہے جبکہ روینہ ٹنڈن نے ٹویٹر پر لکھا کہ 'وہ لوگ جنہوں نے صرف دو فلموں میں کام کیا ہے، اس انڈسٹری کے تئیں اچھا محسوس نہیں کرتے ہیں کہ انہیں کیا کیا ملا ہے۔ امید کیجئے کہ وہ پرامن طریقہ سے یہاں سے نکل جائیں اور اپنے الٹے راستوں پر چلنے والی سوچ کو خود تک ہی محدود رکھیں'۔

واضح رہے کہ اداکارہ نے فیس بک پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھیں اور اُن کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا جس کے باعث انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پوسٹ میں انہوں نےاپنے فیصلےکےلیے دلیل کے طور پر قرآن پاک کی متعدد آیات، رسول اکرم حضرت محمد ﷺ اورخلیفہ دوم حضرت عمرکے اقوال کا سہارا لیا ہے۔

زائرہ وسیم نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ پانچ سال پہلے میں نے ایک فیصلہ کیا تھا جس نے میری زندگی ہمیشہ کے لئے بدل دی۔ جیسے ہی میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تو میرے لئے بے تحاشہ مقبولیت کے دروازے کھل گئے۔ میں لوگوں کی توجہات کا مرکز بننے لگی۔ مجھے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل قرار دیا گیا۔