ورلڈ کپ : افغانستان کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ
لیڈز:کرکٹ ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں افغانستان نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا ڈواور ڈائی میچ آج افغانستان کیخلاف ہیڈنگلے لیڈز میں کھیل رہا ہے،جس کا ٹاس افغانستان کے کپتان گلبدن نائب نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک 7 میچز کھیل چکی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے اب تک 7 میچوں میں سے 3 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کیا ہے جبکہ ایک میچ بارش سے متاثر ہوگیا۔
افغانستان ایونٹ کے 7 میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے،پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان آخری یعنی دسویں نمبر پر موجود ہے۔
شاہین آج کا میچ بھی جیتنے کیلئے پر عزم ہیں جس کیلئے تمام کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم میں فی الحال کسی تبدیلی کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہےپاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے آج کا میچ بھی جیتنا ضروری ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد اچھی کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم افغانستان کو آسان حریف تصور نہیں کرتے بلکہ کوشش کریں گے مشکل ٹیم کی طرح اس ٹیم کیخلاف بھی کھیلیں،ہماری توجہ افغانستان کیخلاف میچ پر ہے جس کے بعد ہم بنگلا دیش کے بارے میں سوچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس راشد خان کی صورت میں اعلیٰ معیار کا اسپنر موجود ہے ، ان کو ہم بالکل آسان نہیں لیں گے۔
ہیڈنگلے میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے آج بھی تیز دھوپ نکلے گی اور موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب لندن کے لارڈز گراؤنڈ میں آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی ،نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔
Comments are closed on this story.