معیشت ٹھیک کرنے کیلئے ملک ریاض کےچند مفید مشورے
اسلام آباد: بحریہ ٹاﺅن کے بانی و چیئرمین ملک ریاض حسین نے معییشت کے ڈوبتے بیڑے کو دوبارہ سطح پر لانے کیلئے حکومت کو چند مفید مشورے دئیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں معروف صحافی کامران خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا ہے کہ معیشت ٹھیک کرنے کیلئے لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہوگا اور اس مقصد کیلئے تعمیرات کے شعبے کو ترقی دینا ہوگی۔ اگر ادارے ٹھیک کرنے ہیں تو انہیں کاروباری لوگوں کے حوالے کردیا جائے کیونکہ باقی دنیا میں بھی اسی طریقے سے ترقی ہوئی ہے۔
ملک ریاض نے کہا کہ حکومت نے ایک ہی بار اکانومی کو ڈاکیومنٹ کرنے کی کوشش کی۔ اداروں کی جانب سے لوگوں کو خوفزدہ کیا گیا، کرپشن کے خاتمے کیلئے 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کردیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت ٹھیک کرنے کیلئے لوگوں کو روزگار فراہم کریں۔ کنسٹرکشن کا شعبہ وہ ہے جو فوری طور پر لوگوں کو روزگار فراہم کرسکتا ہے۔ دبئی، ملائیشیا، امریکا میں کنسٹرکشن انڈسٹری کے ذریعے ترقی ہوئی۔ باقی انڈسٹری کیلئے پیسہ اور وقت چاہیے لیکن اس انڈسٹری میں فوری آﺅٹ پٹ آنا شروع ہوجاتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ایسی فضا لائی جائے، جس سے ہر آدمی بے خوف ہو کر کام کرے۔ اوورسیز پاکستانی کا مفاد یہ ہے کہ اس کا کوئی پلاٹ یا گھر ہو اس نے پان کی دکان نہیں بنانی لیکن اس سے آپ نے گھر بھی چھین لیا ہے۔
ملک ریاض کا کہنا تھا کہ کاروباری لوگوں کو اسکولز اور ہسپتالوں سمیت مختلف ادارے دیں وہ آپ کو ٹھیک کردیں گے۔ ہم نئے تجربے کیوں کر رہے ہیں، وہ تجربے کیوں نہیں کر رہے جو پہلے سے دنیا میں ہوچکے ہیں۔ امریکا میں بھی ایک کاروباری شخص نے حکومت کو 5500 کلومیٹر ریلوے لائن بچھا کر دی تھی۔
Comments are closed on this story.