Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

کیویز کا پاکستان کو جیت کیلئے 238 رنز کا ہدف

اپ ڈیٹ 26 جون 2019 03:25pm

shaheen

برمنگھم: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے عالمی کپ 2019 کے 33 ویں اور انتہائی اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 238 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز اسکور کئے۔ جمی نیشم ناقابل شکست 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 64، کین ولیمسن نے 41 اور کولن منرو نے 12 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 3 اوورز میڈن پھینکے اور محض 28 رنز دے کر 3 اہم بلے بازوں کو پویلین بھی روانہ کیا۔

اس کے علاوہ شاداب خان اور محمد عامر بھی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

نیوزی لینڈ کے ابتدائی 5 بلے باز 83 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے مگر جمی نیشم اور کولن ڈی گرینڈ ہوم کے درمیان قائم ہونے والی 132 رنز کی شاندار شراکت داری نے ان کے اسکور کو 237 تک پہنچا دیا۔

واضح رہے نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور آج کی فتح انہیں سیمی فائنل میں پہنچادے گی جبکہ گرین شرٹس کو بھی سیمی فائنل میں رسائی کیلئے آج کا میچ جیتنا لازمی ہے۔


نیوزی لینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق برمنگھم کے میدان پر کھیلے جارہے میچ کا ٹاس کیوی کپتان کین ولیمسن نے جیت کر پہلے خود باری لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس اہم ترین میچ کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، نیوزی لینڈ کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔