کینگروز نے بنگلادیش کیخلاف 48 رنز سے فتح سمیٹ لی
ناٹنگھم: آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا گیا عالمی کپ کا 26 واں میچ کینگروز نے 48 رنز سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیشی ٹیم 382 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بناسکی۔ مشفیق الرحیم 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس کے علاوہ محمود اللہ نے 69، تمیم اقبال نے 62 اور شکیب الحسن نے 41 رنز اسکور کئے۔
کینگروز کی جانب سے استارک، کولٹرنائل اور اسٹوئنس نے دو دو جبکہ زیمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 381 رنز اسکور کئے تھے۔
کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 166، عثمان خواجہ نے 89، کپتان ایرون فنچ نے 53 اور میکسویل نے 32 رنز اسکور کئے۔ اس کے علاوہ اسٹوئنس اور کیری نے بالترتیب 17 اور 11 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔
بنگلادیش کی جانب سے سومیا سرکار نے تین اور مستفیض الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
ڈیوڈ وارنر کو 166 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed on this story.