Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

ٹویٹس پڑھ کر کوئی اپنے فیصلے نہیں لیتا، محمد حفیظ

اپ ڈیٹ 20 جون 2019 04:14pm

hafeez

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں ہے، تمام لڑکے ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں۔

لندن میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اپنے پورے کیریئر میں یہی چیز دیکھی ہے کہ جب بھی ٹیم ہارتی ہے تو اس طرح کی باتیں نہ جانے کہاں سے نکلنا شروع ہوجاتی ہیں۔

وزیراعظم کی ٹویٹ سے متعلق سوال پر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹویٹس پڑھ کر فیصلے نہیں لئے جاتے، مینجمنٹ اور کپتان کو جو بیسٹ لگا انہوں نے وہی فیصلہ لیا، بدقستمی سے ہم اچھا نہیں کھیل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکست پر کسی ایک شخص کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں، ہم سب پر اس شکست کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ٹیم میں گروپنگ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جب ہم انگلینڈ کیخلاف میچ جیتے تو تب تک کوئی ایسی بات نہیں تھی لیکن جیسی ہی ہم بھارت سے ہارے تو گروپنگ کی افواہ اُڑا دی گئی۔

آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ہم ایک ہیں اور یہاں پاکستان کی نمائندگی کرنے آئے ہیں، ایسی قطعاً کوئی بات نہیں ہے۔

حفیظ نے مزید کہا کہ ہم فضول کی باتوں پر بحث کررہے ہیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اب تک ورلڈکپ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیلی اور اسی وجہ سے ہار رہے ہیں۔

تجربہ کار آل راؤنڈر نے آئندہ میچز میں اچھی کارکردگی دکھا کر نتائج میں بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مزید تفصیلات کیلئے ویڈیو ملاحظہ کریں۔