جعلی اکاؤنٹس کیس: ایان علی کا فلیٹ ضبط، نیلامی کی اجازت
کراچی: معروف ماڈل ایان علی کا کراچی میں فلیٹ بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی ساؤتھ نے کسٹم عدالت راولپنڈی میں رپورٹ جمع کروائی جس کے مطابق آیان علی کا فلیٹ نمبر آٹھ سو چار ضبط کر لیا گیا ہے۔ جس کی نیلامی کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر کسٹمز کے مطابق فلیٹ کی نیلامی سے حاصل رقم سرکاری خزانے میں جمع ہو گی۔ ایان علی کے خلاف کارروائی کرنسی اسمگلنگ کیس میں کی گئی۔
اس سے قبل جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ماڈل ایان علی کے ہمراہ 45 غیرملکی دورے کرنے والا شخص بھی سامنے آچکا ہے، مشتاق نامی شخص ایوان صدرمیں پروٹوکول آفیسرتعینات تھا۔
مشتاق نامی شخص کوایوان صدرمیں پروٹوکول آفیسرتعینات کروایاگیا، مشتاق نامی شخص کی تعیناتی سینیٹررخسانہ بنگش کے لیٹر ہیڈ سے ہوئی، نیب نے رخسانہ بنگش کا خط بھی حاصل کر لیا ہے۔
یاد رہے اکتوبر 2018 میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں معروف ماڈل ایان علی کا نام بھی سامنے آیا ہے اور ایان علی کےاکاؤنٹس سے دیگر جعلی اکاؤنٹس کالنک مل گیا ہے، جن سے بھاری رقوم کی ٹرانزیکشنز ہوئیں اور ان ہی اکاؤنٹس سے ماڈل کے دبئی کے ٹکٹ بھی خریدے جاتے رہے۔
ذرائع کے مطابق ایان علی کے غیر ملکی دوروں کے لیے جعلی اکاؤنٹس سے رقم نکالی گئی اور اُن کی وہاں رہائش، طعام و قیام و خریداری کے پیسے بھی اسی طرح ادا کیے گئے۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی 2015 میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی پانچ لاکھ ڈالرز غیر قانونی طورپر لے جاتے ہوئے پکڑی گئیں تھیں، جس کے بعد انہیں تین ماہ جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی جبکہ ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا بعد ازاں انہیں رہائی ملی اور پھر وہ عدالتی اجازت کے بعد بیرون ملک روانہ ہوگئیں تھیں۔
Comments are closed on this story.