نیوزی لینڈ کی مساجدمیں فائرنگ سے شہید 2پاکستانیوں کی شناخت
ایبٹ آباد:نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ سےشہید 2پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی،نعیم اور طلحہ کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، ڈاکٹر خورشید نے اپنے بھائی نعیم راشد کی شہادت کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں ہونے والے اندوہناک سانحے میں 2پاکستانیوں کے شہید ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ سے شہید نعیم اور طلحہ کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، اس حوالے سے ڈاکٹر خورشید نے اپنے بھائی نعیم راشد کی شہادت کی تصدیق کردی ۔
شہید نعیم راشد کے بھائی ڈاکٹر خورشید نے بتایا ہے کہ نعیم راشد میرے بھائی اور طلحہ میرا بھتیجا ہے، نعیم راشد ٹیچر تھے جو تدریس کے سلسلے میں وہاں موجود تھے جبکہ میرے بھتیجے طلحہ کی بھی دہشتگرد کی فائرنگ سے شہادت ہوئی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔
فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی۔
قبل ازیں دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ واقعے میں 4 پاکستانی شہری زخمی اور 5 لاپتا ہیں جس کے بعد اب دو افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
Comments are closed on this story.