Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی طیاروں کے پے لوڈ سےجنگلات کو نقصان ، ابتدائی رپورٹ درج

شائع 08 مارچ 2019 10:30am
فائل فوٹو فائل فوٹو

بالاکوٹ :بھارتی طیاروں کے پے لوڈ سے جنگلات کو نقصان پہنچنے کیخلاف ابتدائی رپورٹ درج کرلی گئی ،رپورٹ میں بھارتی پائلٹس کو ملزم قراردیاگیا ۔

تفصیلات کے مطابق، بالاکوٹ میں بھارتی طیاروں کےپےلوڈگرنے سے19چھوٹے بڑے جنگلات کونقصان پہنچنے پرمحکمہ جنگلات نے ابتدائی رپورٹ درج کرلی،ابتدائی رپورٹ ایس ڈی ایف او مانسہرہ عارف خان کی مدعیت میں درج کی گئی۔

رپورٹ میں نامعلوم بھارتی پائلٹس کو ملزم قرار دیا گیا جبکہ واقعے میں 19چھوٹے بڑے درختوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ذکر واضح کیا گیا ہے۔

محکمہ جنگلات ایس ڈی ایف او نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ علاقے کا دورہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے جھوٹی ایئراسٹرائیک کا دعوی کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بھارتی جنگی طیارے 21 منٹ تک پاکستان میں رہے اورانہوں نے 350 سے زائد افراد کو ہلاک کیا جس کے بعد ان کے اس دعوے کولے کردنیا بھر میں بھارت کی جگ ہنسائی ہوئی تھی ۔

جبکہ درحقیقت بھارتی طیارے آزاد کشمیرکے راستے خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ تک آئے تھے اورواپسی میں جبہ کے مقام پر4 بم گرائے تھے۔

دوسری جانب پاک فوج نے بھارت کوکرارا جواب دیتے ہوئے دوسرے ہی روز 2 بھارتی طیاروں کومارگرا کرایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتارتھا جسے 2 دن بعدجذبہ خیر سگالی کے طورپرپاکستان نے رہا کردیا تھا۔