Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

جنید صفدر کی 'نانا' کیلئے پڑھے گئے کلام کی ویڈیو وائرل

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2019 07:00am

Untitled-1

لندن: مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کی حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں انہوں نے محمد بخشؒ کا کلام پڑھا اور اپنے نانا یعنی سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق جنید صفدر اس وقت لندن اسکول آف اکنامکس سے ماسٹرز کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے اچانک لندن میں ہونے والی قوالی نائٹ میں انتہائی خوبصورت کلام سنا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔

یہ تقریب سینٹرل لندن کے کمبر لینڈ ہوٹل میں ہوئی، جس کا انعقاد عبدالرحمان چنائے نے کیا۔ جبکہ اس تقریب میں صابری برادرز نے قوالی گا کر شرکاء کے دل موہ لیے۔

صابری برادرز اس تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر پاکستان سے لندن گئے اور وہاں انہوں نے مسلسل تین گھنٹے تک پرفارم کیا ۔

قوالی نائٹ کے آغاز کے ایک گھنٹے کے بعد جنید صفدر کو دعوت دی گئی کہ وہ بھی اسٹیج پر آکر کچھ سنائیں اور انہوں نے محمد بخشؒ کا صوفیانہ کلام پڑھا۔

اس کلام کو انہوں نے اپنے نانا نوازشریف کے نام کیا، جس میں قید کے دنوں کا بھی ذکر ہے۔ انہوں نے شعر پڑھا کہ 'کی ہویا جے قیدی بنے، صدا قیدی نئیں رہنا'۔ اس کا مطلب ہے کہ کیا ہوا آج اگر قید میں ہیں تو، لیکن یہ قید ہمیشہ نہیں رہنی۔

جنید صفدر نے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی انہوں نے یہ فقرے اپنے نانا کیلئے ہی پڑھے تھے جو اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ نوازشریف کے لاکھوں چاہنے والے ہیں جنہیں نوازشریف کی قیادت پر یقین ہے اور وہ انہیں بہت یاد کرتے ہیں ۔ وہ اپنی قربانیوں کے باعث پاکستانیوں کے دلوں میں رہتے ہیں۔