Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمر اکمل کی واپسی کا اشارہ مل گیا؟

شائع 20 فروری 2019 06:48pm

umarakmal

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں عمر اکمل نے گزشتہ 2 سیزنز کے برعکس اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 میچز میں 119 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے پہلے 3 ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کا حصہ رہنے والے عمر اکمل اس سال ٹریڈ ہوکر کوئٹہ کی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں اور اب تک انہوں نے کوئٹہ کی جانب سے کھیلے گئے دونوں میچوں میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ان کی اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سابق کپتان اور موجودہ مایہ ناز کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اگر اسی طرح رنز اسکور کرتے رہے تو انہیں ورلڈکپ کے لئے انگلینڈ ضرور لے جایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمر اکمل کی کارکردگی کا تسلسل اسی طرح برقرار رہا اور وہ مکمل فٹ ہوئے تو سلیکشن کمیٹی پر بہت دباؤ آجائے گا۔

عمر اکمل نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 44 رنز کی اہم اننگز کھیلنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعے ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنائیں۔

واضح رہے عمر اکمل گزشتہ کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم سے دور ہیں تاہم کوچ مکی آرتھر نے پی ایس ایل کی شروعات سے قبل یہ کہا تھا کہ ہم اس لیگ کی پرفامنسز کو دیکھتے ہوئے ورلڈکپ کا اسکواڈ مرتب کریں گے۔