Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

آن لائن تجارت کے نام پر سٹے اور جوئے کا کام

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2019 08:05am
سائنس

1

گھر میں لیپ ٹاپ نکالا، ای میل چیکنگ اور فیس بک کو دیکھنے کے دوران میں اچانک لیپ ٹاپ کی اسکرین کے دائیں جانب ایک چھوٹی سی کھڑکی ونڈوز کھل گئی جس میں ایک صاحب دونوں ہاتھوں سے سونے کے سکے اچھال رہے تھے اور اوپر لکھا تھا ’’میں تین گھنٹے کام کرکے بغیر کسی مشکل کے ایک گھنٹے کا تقریباً پانچ ہزار کما لیتا ہوں۔‘‘ ہم نے اس کو نظر انداز کردیا،کام ختم کرکے ہم نے لیپ ٹاپ بند کیا اور اس بات کو بھول گئے۔

Gambling 4

کمپیوٹر اسکرین پر خود کار طریقے سے نمودار ہونے والے نوٹیفیکشنز کا عکس

اگلے دن آفس میں کمپیوٹر استعمال کرنے کے دوران میں بار بار اسی طرح اسکرین کے دائیں جانب ایک چھوٹی سی کھڑکی کھلتی رہی۔ اس کے بعد یہ معمول ہوگیا کہ اس قسم کے نوٹیفیکیشن متواتر آنا شروع ہوگئے۔ تنگ آکر ہم اس پر کلک کیا تو جو کچھ سامنے آیا وہ بہت زیادہ حیران کن تھا، اس ویب سائٹ کے ذریعے لوگوں کوتجارت کے نام پر سٹہ (جوا) کھیلنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

Gambling 2 انٹر نیٹ گزیٹا کی ویب سائٹ کا عکس

انٹرنیٹ جب ہم نے لنک پر کلک کیا تو کے نام سے ایک صفحہ کھل گیا۔ اس کا ویب ایڈریس بھی کچھ مشکوک سا تھا کیوں کہ میری ناچیز معلومات مطابق آپ جس نام سے ویب سائٹ بناتے ہیں وہی نام لنک اور ایڈریس بار میں ظاہر ہورہا ہوتا ہے۔ لنک میں اولمپ ٹریڈ کا نام دیا گیا ہے، ویب سائٹ پر انٹرنیٹ کا نام ہے جب کہ سرچ بار میں کچھ اور ہے، اور اس کے آغاز میں ناٹ سیکور بھی لکھا ہوا ہے۔

ویب سائٹ پر بہت خوشنما انداز میں لوگوں کو دھوکہ دیتے ہوئے سٹے کے اس کاروبار کو تجارت کا نام دیا گیا۔ ویب سائٹ پر جو تفصیل بتائی گئی ہے وہ ہم آپ کے سامنے رکھتے ہیں۔ تفصیل کے مطابق صارف کو بائنری آپشنز کی ویب سائٹ(اولمف ٹریڈ) کے پر جاکر ایک مفت اکاؤنٹ کھولنا ہے۔ اس کے بعد پیسے جمع کرانے ہیں، سرمایہ کاری کی رقم منتخب کرنی ہے، اور پھر یہ پیشن گوئی کرنی ہے کہ کچھ منٹوں یا گھنٹوں میں قیمت (مثلاً امریکی ڈالر کا شرح مبادلہ) کہاں تک بڑھ جائے گا۔

Gambling 1 اولمپ ٹریڈ کی ویب سائٹ کا عکس

وہاں پر دو انتخابات دستیاب ہیں۔زیادہ یاکم۔ تجارت 1 منٹ سے 3 گھنٹوں (زائد المعیاد) وقت میں سے کسی بھی وقت جاری رہ سکتی ہے اور آپ اس میں سے کوئی بھی وقت منتخب کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد جو اصل بات ہے اس کو سرسری انداز میں کہنے کا انداز اپنایا گیا ہے جب کہ سب سے قابل غور بات وہی ہے۔ لکھا ہے کہ "اگر آپ کی پیشین گوئی ٹھیک ہوئی، تو آپ کی سرمایہ کاری تقریباً دگنی ہو جاتی ہے؛ اور اگر یہ غلط ہوئی تو، خیر، آپ اپنی سرمایہ کاری کی رقم کھو بیٹھتے ہیں"۔

Gambling 3 ویب سائٹ پر سٹے کے کاروبار کے طریقہ کار اور بیان کی گئی تفصیل کا عکس

اس دھوکے کی اصل بات یہ جملہ ہے ’’آپ اپنی سرمایہ کاری کی رقم کھو بیٹھتے ہیں۔ ۔یہی سارا گورکھ دھندا ہے اور اس کو شاطروں نے بہت سرسری انداز میں بیان کیا ہے گویا کہ یہ کوئی بات ہی نہیں ہے۔ جب کہ اصل بات یہ ہے کہ یہ سارا کھیل جوئے کا ہے جس کو بڑے شاطرانہ انداز میں تجارت کے نام سے بیان کیا جارہا ہے اور عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ ہم نے جب اس ویب سائٹ پر جاکر اکاؤنٹ بنایا تو مزید ایک انکشاف ہمارا منتظر تھا۔ وہ یہ کہ (سرمایہ کاری یا دوسرے لفظوں میں جوئے کے لیے لگانے والی رقم) صرف اور صرف امریکن ڈالر یایورومیں ہی کی جاسکتی ہے، پاکستانی کرنسی میں آپ کوئی رقم نہیں لگا سکتے، جب کہ اشتہاری ویب سائٹ پر ایسا کوئی ذکر نہیں ہے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس خوشنما نعرے کے پیچھے کوئی بین الاقوامی مافیا ہے جو لوگوں کو تجارت کے نام پر بے وقوف بنا کر ان کا سرمایہ لوٹنا چاہتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ان نوسر بازوں سے ہوشیار رہیں۔ اللہ نے جو رزق ان کی محنت سے ان کو عطا کیا ہے اس پر قناعت کریں اور اللہ کا شکر ادا کریں، اپنے روزگار یا آمدنی میں اضافے کے لیے جائز سرمایہ کاری اور جائز کاموں کی طرف جائیں شارٹ کٹ کے چکر میں گناہِ بے لذت نہ کریں۔

.نوٹ: یہ مضمون مصنف کی ذاتی رائے ہے، ادارے کا اس تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں