رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی سوندریا کی دوسری شادی
یوں تو آپ سب ہی اس بات سے واقف ہوں گے کہ بھارتی ریاست تامل ناڑو میں میگا اسٹار رجنی کانت کو 'بھگوان' کا درجہ دیا جاتا ہے۔ ان دنوں وہ اپنی آنے والی فلم 'ٹو پوائنٹ زیرو' کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم اور سیاست کے علاوہ بھی رجنی کانت ایک اور وجہ سے خبروں میں اِن ہوگئے، ان کی 34 سالہ چھوٹی بیٹی فلم ساز و اداکارہ سوندریا رجنی کانت جلد ہی دوسری شادی کرنے جا رہی ہیں۔
سوندریا کی پہلی شادی ایشون رام کمار سے ہوئی تھی، تاہم دونوں کے درمیان ناچاقی کی وجہ سے جولائی 2017 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
اب ان کے حوالے سے یہ خبر سامنے آرہی ہے کہ سوندریا رجنی کانت طلاق کے ایک سال بعد ہی دوسری بار دلہن بننے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ سوندریا اس بار کسی کنوارے فرد سے نہیں بلکہ طلاق یافتہ تامل اداکار وِشاگن واننگ مودی سے شادی کریں گی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوندریا اور ان کے ہونے والے شوہر کی جانب سے اب تک اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم قریبی ذرائع اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ یہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق سوندریا کی شادی اب ان کے گھر والوں کی رضامندی سے انجام پائے گی۔
Comments are closed on this story.