Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پُراسرار چیزوں اور آسیبی واقعات سے بھرا تہہ خانہ

شائع 22 ستمبر 2018 05:02am

Untitled-2

آپ نے مشہور زمانہ ڈراؤنی فلم اینابیل تو دیکھی ہوگی، مذکورہ فلم کیلئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ  یہ حقیقی واقعات پر مبنی ہے۔  حقیقت میں اس آسیب زدہ گڑیا کی دہشت کو انجام تک پہنچانے والے جوڑے 'ایڈ اور لورین وارن' ہیں جو خود کو بھوت پکڑنے  اور دیگر پُراسرار چیزوں سے نمٹنے والا ظاہر کرتے ہیں۔

Image result for ed and lorraine warren

 انہوں نے 1952  میں  امریکی علاقے کنیکٹیکٹ میں  'نیو انگلینڈ  سینٹر فار سائیکک ریسرچ' نامی ایک ادارہ قائم کیا، جسے اوکلٹ میوزیم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ اپنے آپ میں ایک  انوکھا اور دلچسپ عجائب گھر ہے جہاں دنیا بھر کی  آسیب زدہ ، پُراسرار یت سے بھرپور اور  شیطانی چیزوں کا  ذخیرہ ہے۔

بھوت پکڑنے والے اس جوڑے نے 10 ہزار  آسیبی واقعات کا مطالعہ کیا اور ان چیزوں کو جمع کرکے  ایک تہہ خانے میں بند کیا ہوا ہے، جس میں 'اینابیل' بھی شامل ہے۔

وارنز کا اصل تحقیقاتی مرکز ان کا تہہ خانہ ہے، لورین بھوتوں اور شیطانی طاقتوں سے رابطے کا ذریعہ ہیں جبکہ ان کے شوہر مرحوم ایڈ ایک ڈیمنولوجسٹ یعنی شیطانی قوتوں کا مطالعہ کرنے والے شخص تھے۔

ان کے خود ساختہ عجائب گھر میں  موجود  چیزیں نیو انگلینڈ ریسرچ سینٹر  کی جانب سے کی گئی آسیبی تحقیقات میں    جمع کی گئی ہیں۔ جن میں خون آشام بلا 'ویمپائر' کا تابوت،   شیطانی عملیات میں استعمال ہونے والے بچوں کی قبروں کے کتبے، کالے جادو میں استعمال ہونے والی آسیبی گڑیائیں اور  وہ  کھلونے جن میں روحوں نے بسیرا کیا ہوا ہے، شامل ہیں۔

اس تہہ خانے  کے شیلفز   شیطانی   نقاب، اوزار،   موت کے منتر، جبکہ   دیواریں جادوئی تصاویر سے لیس ہیں۔ یہاں  موسیقی کا ایک  ایسا آلہ بھی موجود ہے جو خود بخود بجنا شروع کردیتا ہے۔

شیطانی قوتوں سے لیس  اس عجائب گھر میں  رات کے 9 بجتے ہی عجیب و غریب چیزیں ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ یہاں موجود اینابیل گڑیا کو  لازمی طور پر سیل کرکے رکھا گیا ہے، لورین کا کہنا ہے کہ یہ گڑیا یہاں موجود تمام چیزوں میں سب سے زیادہ خطرناک  شے ہے۔

اوکلٹ میوزیم اپنے قسم کا سب سے انوکھا  میوزیم ہے جہاں آسیبی اشیاء کا بہت بڑا ذخیرہ موجود  ہے۔ یہاں تک کہ کچھ  کالے جادو  میں استعمال ہونے والے نقاب  اور دیگر اشیاء افریقہ تک سے قبضے میں لی گئی ہیں۔ یہاں  گوشت پوست سے عاری کھوپڑیاں بھی موجود ہیں۔

لوگوں کو  یہ تمام چیزیں دیکھنے کی اجازت تو ہے، لیکن فی الحال  اسے کسی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔ اس میوزیم کو دیکھنے دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں۔