Aaj News

پیر, مارچ 31, 2025  
01 Shawwal 1446  

حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2018 05:39am
-File -File

کابل: حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان سے منسوب بیان میں جلال الدین حقانی کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔

افغان طالبان نے تصدیق کی ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے بانی خاصے عرصہ سے بیمار تھے جس کے بعد وہ انتقال کر گئے ہیں۔

افغان میڈیا سمیت متعدد بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے بھی طالبان کے ذریعہ سامنے آنے والی خبر کی تصدیق کی ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ زندگی بھر مختلف مشکلات کا سامنا کرنے والے جلال الدین حقانی زندگی کے آخر میں طویل عرصہ سے بیمار رہے۔

حقانی نیٹ ورک افغان طالبان کا ایسا حصہ قرار دیا جاتا ہے جو افغانستان میں موجود امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔

موجودہ افغان حکومت کے خلاف ہونے والی متعدد کارروائیاں بھی اسی گروپ کے حصے میں ڈالی جاتی ہیں۔

-AFP -AFP

خیال رہے جلال الدین کی سرگرمیوں کی تشہیر 1980ء میں ہونا شروع ہوئی، جب وہ اور ان کے ساتھی امریکا کی مرکزی انٹیلی جینس ایجنسی CIA اور سعودی عرب کی مدد سے افغانستان میں روسی قبضے کے خلاف لڑ رہے تھے۔

حقانی در اصل پشتون ہیں اور ان کا تعلق افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے پکتیا کے زادران قبیلے سے ہے۔ حقانی نیٹ ورک کا اثر پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بھی ہے۔

ایسے الزامات بھی عائد کئے جاتے رہے ہیں کہ افغانستان میں حقانی نیٹ ورک کے عسکریت پسندوں نے ہی خودکش حملوں کو متعارف کروایا۔

ماضی میں افغانستان میں قائم بھارتی سفارت خانے کے علاوہ افغان صدر پر متعدد حملوں کی منصوبہ بندی میں بھی اس نیٹ ورک کا نام لیا جاتا رہا ہے۔