Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹماٹو کیچپ سےکریں زنگ آلود چیزیں صاف

شائع 28 جولائ 2018 06:42am

Untitled-1

لوہے کی کسی چیز پر زنگ لگ جائے تو اسے صاف کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اگر وہ چیز آپ کے کچن سے تعلق رکھتی ہو تو اس کی صفائی میں مٹی کا تیل استعمال نہیں کیا جاسکتا، حالانکہ وہ بھی زنگ کی صفائی پوری طرح نہیں کرسکتا۔

اس مشکل کا ایک بہترین حل 'ٹماٹو کیچپ' کی شکل میں آپ کے باورچی  خانے ہی میں موجود ہے۔

شاید یہ بات آپ کو عجیب لگے لیکن سچ ہے کہ ٹماٹو کیچپ، برتنوں میں جمے زنگ کو زبردست طریقے سے صاف کرتا ہے، جبکہ اس کا استعمال بھی بہت آسان ہے۔

اگر کسی برتن میں زنگ لگا ہو اور وہ ڈش واشنگ پاؤڈر، لیکویڈ یا واشنگ پیسٹ سے صاف نہ ہورہا ہو تو اس برتن پر ٹماٹو کیچپ پھیلا دیجئے اور ایک سے دو گھنٹے کے لیے چھوڑ دیجیے۔

جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا، ویسے ویسے ٹماٹو کیچپ کا رنگ سرخ سے تبدیل ہو کر سرخی مائل بھورا (reddish brown) ہوتا جائے گا۔

ایک یا دو گھنٹے بعد پہلے صاف پانی سے اس برتن کو اچھی طرح کھنگال لیں اور پھر معمول کے ڈش واشنگ پاؤڈر، پیسٹ یا ڈش واشنگ لیکویڈ سے دھو لیں۔

اگر اس برتن کی دھلائی کے ساتھ ساتھ اسے مانجھنے کا کام بھی کر لیں گے تو کچھ ہی دیر میں آپ دیکھیں گے کہ برتن پر جمے ہوئے زنگ کی موٹی تہہ ختم ہوچکی ہے۔

اگر آپ حیران ہورہے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا، تو اس میں حیرانی کی کوئی بات نہیں۔ ٹماٹو کیچپ تیار کرنے کےلیے عموماً سرکہ (vinegar) استعمال کیا جاتا ہے جو بذاتِ خود ایسیٹک ایسڈ یعنی ایک قسم کا تیزاب ہوتا ہے۔ یہ تیزاب آئرن آکسائیڈ اور کاپر آکسائیڈ (یعنی زنگ) کے ساتھ کیمیائی عمل کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے اور اسے کسی بھی سطح سے صاف کر سکتا ہے۔

یعنی اگر ٹماٹو کیچپ میسر نہ ہو تو صرف سرکے کی تھوڑی مقدار سے بھی کام چل جائے گا۔ البتہ ٹماٹو کیچپ اپنے گاڑھے پن کی وجہ سے برتن کے ساتھ چپکا رہتا ہے اور یوں اس میں شامل سرکے کو برتن کی سطح کے ساتھ کیمیائی عمل کرنے کا زیادہ بہتر موقع ملتا ہے۔

بشکریہ Daily Mail