Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

متھن چکرورتی کے بیٹے پر بولی وڈ اداکارہ سے زیادتی کا الزام

شائع 03 جولائ 2018 07:27am

mithun

بھارتی فلم انڈسٹری کے ڈسکو ڈانسر متھن چکرورتی کے بیٹے مہاکشے چکرورتی پر اداکارہ کی جانب سے جنسی زیادتی کا الزام، دہلی کی مقامی عدالت نے زیادتی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی بھوچ پوری اور چند بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ متھن چکرورتی کے بیٹے نے شادی کا جھانسہ دے کر مجھے متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ اداکارہ نے درخواست جمع کروائی تھی جس پر متھن کی اہلیہ اور ان کے بیٹے پر دہلی کے بیگم پور تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمے میں ریپ، دھوکا دہی، دھمکانے اور اسقاط حمل کی دفعات شامل کی جائیں گی۔

اداکارہ نے روہنی کی مقامی عدالت میں مؤقف اپنایا ہے کہ میرے مہاکشے سے 2015 سے قریبی تعلقات ہیں، وہ مجھ سے شادی کا وعدہ کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا ہے لیکن اب وہ اپنے وعدے سے مکر گیا ہے اور شادی سے انکار کردیا ہے۔

اس کیس میں متھن کی اہلیہ یوگیتا بالی پر اداکارہ کو ڈرانے دھمکانے کا مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

بولی وڈ ڈسکو ڈانسر کے بیٹے پر مقدمہ کرنے والی اداکارہ کی اب تک شناخت تو ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم یہ بات ضرور سامنے آرہی ہے کہ وہ بھوج پوری اور بولی وڈ فلموں میں کام کرچکی ہیں۔