معروف امریکی گلوکار ایکس ٹینٹیشن قتل
فلوریڈا: امریکی ریاست جنوبی فلوریڈا کے مقبول ریپ گلوکار ایکس ٹینٹیشن کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایکس ٹینٹیشن کو ایک مسلح مشتبہ شخص نے شوروم سے نکلتے ہوئے گولی مار کر قتل کیا، ان کی عمر 20 سال تھی۔
ریپ گلوکار کو گولی لگنے کے فوراً بعد فورٹ لارڈیل ایریا اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ ڈکیتی کی واردات کے دوران پیش آیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینٹیشن اپنی کار میں جارہے تھے جبکہ واقعہ کی مکمل تفتیش ابھی جاری ہے۔
ایکس ٹینٹیشن کا اصل نام جہاسے ڈوئن اونفری تھا، ان کا شمار امریکا کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے اور وہ اس ہفتے امریکی ٹاپ 50 چارٹ میں بھی شامل تھے۔
ٹینٹیشن کے کئی گانے بے حد مقبول ہوئے جس کی وجہ سے انہیں پلاٹینم قرار دے دیا گیا تھا۔ ان گانوں میں 'چینجز'، 'رول ان پیس' شامل ہیں۔
ٹینٹیشن امریکا کی مقبول ترین شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے تنازعات کا بھی شکار رہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق ان پر گھریلو تشدد کے بھی الزامات لگتے رہے ہیں جبکہ سنہ 2016 میں انہیں اپنی حاملہ گرل فرینڈ پر تشدد کے الزام میں بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
Comments are closed on this story.