Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

تھامس بیلے کے اربوں کے خزانے کا پُراسرار نقشہ

شائع 20 جون 2018 05:24am

Untitled-1

بیلے کا خزانہ ایک ایسا معمہ ہے جسے دو صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی خزانے کے متلاشی افراد، کمپیوٹر سائنس دان اور یہاں تک کہ امریکی فوج  بھی اسے حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

بہت سے لوگوں نے ان تین حسابی معموں کو حل کرنے کی بڑی کوشش کی تاکہ 60 ملین ڈالر خزانے کی اصل جگہ کا پتا چلایا جا سکے لیکن سب ہی ناکام ہوئے۔

تھامس جے بیلے کے افسانوی خزانے کی مالیت کا اندازہ 60 ملین ڈالر لگایا گیا ہے جو ہزاروں پاؤنڈز کے سونے، چاندی کے سکوں اور قیمتی جیولری پر مشتمل ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اس خزانے کو امریکی ریاست ورجینیا میں ہی کہیں دفن کیا گیا ہے۔ پچھلی صدی سے ہی بہت سے لوگ اس معمے کو حل کرکے خزانے کی اصل جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں ناکامی کا سامنا ہے۔

انیسویں صدی میں تھامس جے بیلے نامی مہم جو نے نیو میکسیکو اور کولوراڈو سرحد کے قریب خزانہ دریافت کیا تھا اور وہ اسے اپنی ریاست ورجینیا میں لے آیا، جہاں حفاظت کی غرض سے اس خزانے کو چھپا دیا ۔

بیلے نے خزانے کے اصل مقام اور تفصیل کو تین الگ الگ حسابی معموں میں چھپا دیا۔ ان تین کوڈز میں سے اب تک صرف ایک ہی حل ہو سکا ہے، لیکن اس کے حل ہونے کا کوئی خاص فائدہ نہیں، کیونکہ اس حل کے مطابق خزانے کے مقام کا پتا دوسرے معموں میں چھپا ہے۔

دراصل بیلے نے جو کوڈز استعمال کیے ہیں وہ بنیادی طور پر انگریزی حروف تہجی کے لیے متبادل نمبروں کی نمائندگی ہے۔

اب جو شخص بنیادی کوڈ کو سمجھ جائے گا وہ ان نمبروں کو ڈی کوڈ کر کے اصل حروف تہجی کو ترتیب دے کر خزانے کی جگہ معلوم کر سکتا ہے۔

200  سال سے زائد عرصہ میں تھامس جے بیلے کے کوڈز کو حل کرنے کے لیے خزانے کے شوقین افراد کے ساتھ ساتھ پیشہ ور لوگوں نے بھی بہت کوشش کی ہے، انہوں نے تمام اہم عبارتوں، امریکی آئین، میگنا کارٹا سے لے کر مونرو کے اصولوں اور شیکسپیئر کے کئی ڈراموں تک سے استفادہ کر کے نمبروں کو سمجھنے میں دماغ لڑایا ہے لیکن یہ سب بے کار رہا۔

انیسویں صدی میں ایک نامعلوم رمز نویس نے اتفاقاً بیلے کے دوسرے نمبر والے کوڈ کو حل کر لیا تھا، جس میں بیلے کا بہت ہی حیرت آمیز پیغام چھپا تھا۔ "میں نے بریڈفورڈ سے تقریباً چار میل دور بیڈفورڈ کاؤنٹی میں زمین کی سطح سے چھے فٹ نیچے گڑھے میں خزانہ دفن کیا ہے۔" خزانے کی بارے میں مزید لکھا ہے کہ "پیپر نمبر ایک میں اس تہہ خانے کی درست جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے جسے اگر حل کرلیا جائے تو اس (جگہ) کو تلاش کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے گی۔"  لیکن بدقسمتی سے پیپر نمبر ایک اور تین حل نہیں کیا جا سکا۔

لوگ اس سلسلے میں ٹیکنالوجی کی مدد لینے سے بھی گریز نہیں کرتے اور میٹل ڈیٹیکٹرز، میگنیٹ میٹر یا اور گائیگر کاؤنٹرز کے ذریعے ورجینیا کاؤنٹی کے گردونواح میں تلاشی لیتے پھرتے ہیں۔ کچھ روحانی ذرائع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں اور نفسیاتی میڈیمز کے مشورے یا پرانے فیشن کی زیر زمین پانی یا معدنیات کا پتہ لگانے والی چھڑی کا استعمال کرتے ہیں۔

ورجینیا کے قانون کے مطابق خزانے کے شائقین کسی بھی جگہ اسے تلاش سکتے ہیں چاہے وہ کسی کی ذاتی جائیداد ہی میں کیوں نہ شامل ہو۔ لیکن اس سے مختلف مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں جیسا کہ لوگ دوسروں کی پراپرٹی میں راتوں کو گھس آتے یا کھدائی کرتے ہیں۔ ایک شخص کو پتہ چلا کہ کسی پرانے قبرستان میں خزانہ دفن ہے تو اس نے جا کے گڑے مردے ہی اکھاڑ ڈالے تھے جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

بہرحال 60 ملین ڈالر کا خطیر خزانہ منتظر ہے کہ کوئی اپنی ذہانت کا مظاہرہ کرے اور اسے لے جائے۔

آپ بھی کوشش کرکے دیکھیں، شاید آپ کی قسمت کھل جائے۔

بشکریہ The Ancient Origins