Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
09 Rajab 1446  

اپنے آپ میں خود اعتمادی کیسے پیدا کی جائے؟

شائع 21 مارچ 2018 06:58am

Untitled-1

ذہنی سکون اور اطمینان کے لیئے ضروری ہے کہ انسان کے اندر خود اعتمادی کا جذبہ موجود ہو۔ البتہ خود پرستی کے درجے تک پہنچنا بے شک ایک منفی رویہ ہے۔ لیکن اپنے بارے میں مثبت سوچ رکھنا اچھی بات ہے۔ خود اعتمادی انسان کوصحیح فیصلے لینے اور معاشرے میں بہتر طریقے سے رہنے میں مدد دیتی ہے۔

اس  کی کمی کی علامات اپنے آپ سے نفرت اور ناپسندیدگی ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے آپ کو بے وقعت سمجھنا اور اپنی قابلیت پر شک کرنا بھی بے اعتمادی کی نشانی ہے۔  بلا وجہ اپنے آپ کو ان چیزوں کے لیئے قصوروار ٹھہرانا جو آپ کی ذمہ داری نہیں ہیں۔

 بے اعتماد لوگ دوسروں پر انحصار کرتے ہیں اور اپنی رائے کو غیر ضروری سمجھتے ہیں۔ بے اعتمادی کی وجوہات میں ماضی کی ناکامیاں اور لوگوں کی جانب سے ملنے والی بے قدری سب سے نمایاں ہیں۔ لیکن اسکا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ ساری زندگی اسی میں الجھے رہیں۔ انسان کو چاہیئے کہ وہ ماضی کی ہر ناکامی اور برے تجربے کو بھول کر آگے بڑھے۔ اور اپنے آپ میں اعتماد پیدا کرے۔

خود اعتمادی اپنی عزت نفس کو صحیح درجے پر رکھنے اور اپنے بارے میں اچھا سوچنے سے آتی ہے۔ اپنے فیصلوں اور اپنے آپ پر یقین کرنا خود اعتمادی ہے۔ کسی دوسرے سے عزت پانے کی سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ اپنی عزت خود کی جائے۔ اپنی حیثیت کو پہچاننا اور اس بات کو سمجھنا کہ آپ بھی کوئی وجود رکھتے ہیں۔

خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیئے انسان کو اپنے ارد گرد کی اچھی اور مثبت باتوں پر غور کرنا چاہیئے۔ اس کے علاوہ نئی چیزیں کرنے کا رسک لینا سب سے بہتر حل ہے۔ اس میں کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ صرف اس کا تجربہ کرنا مقصد ہونا چاہیئے۔ اس طرح انسان کا حوصلہ بڑھتا ہے اور وہ ان چیزوں کی طرف جانے لگتا ہے جن کو کرنے میں اسے بے اعتمادی محسوس ہوتی تھی۔ اپنے آپ سے ہٹ کر دوسروں کے لیئے کچھ کرنے سے بھی دلی سکون اور مسرت حاصل ہوتی ہےاور نتیجتاً خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔