Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

معمولی جانوروں کی دلچسپ اور انوکھی خصوصیات

شائع 27 فروری 2018 06:10am

8

شعبہ حیا تیات سائنس کی دلچسپ ترین شاخوں میں سے ایک ہے۔ اس میں دنیا میں موجود زندگی کامطالعہ کیا جاتا ہے۔ یہ شعبہ جتنا دلچسپ ہے اتنا ہی پیچیدہ بھی ہے۔ یقیناً ہماری معلومات کے علاوہ ایسی بہت چیزیں ہونگی جو آج سے پہلے آپ کو  کسی نے نہیں بتائی ہونگی۔ ہم آپ کو حیاتیات کے اس شعبے سے متعلق کچھ معلومات دینگے جو آپ کے لئے نئی اور بے حد دلچسپ ہونگی۔

٭ شِکرا یا اسپیروہاک جنگل کی جھاڑیوں میں لگنے والی آگ کی وجہ بن سکتے ہیں

آسٹریلیا میں زولوجسٹس نے دیکھا ہے، کہ شکرے یا چیلیں سلگتی ہوئی لکڑیاں یا تنکے اپنے پنجوں میں دبا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔ اسکی وجہ سے جنگل کی جھاڑیوں میں آگ لگ جاتی ہے۔ انکے ایسا کرنے کی خاص وجہ اپنے شکار کو بِل سے باہر نکالنا ہوتا ہے۔

٭ جامد مینڈک

الاسکا میں پایا جانے والا ایک عجیب مینڈک شدید سردی پڑنے پر خود بھی برف کے ساتھ جم جاتا ہے۔ اسکے جمے رہنے کی مدت 6 سے 7 مہینے ہوتی ہے۔ اس عرصہ میں مینڈک کے جسمانی اعضاء جم کر کام کرنا بند کردیتے ہیں اور دوران خون بھی رک جاتا ہے۔ اس عمل کو سائنس کی اصطلاح میں ہائیبرنیشن کہتے ہیں۔ جب گرمی کا موسم آتا ہے تو یہ مینڈک جاگ کر پھر سے جینے لگتا ہے۔

٭ جیومیٹری کے ڈیزائن بنانے والی مچھلی

ایک ایسی مچھلی جو سمندر کے ماحول میں زندہ رہنے کے لئے پانی کی تہہ میں اپنے لئے گھر بناتی ہے۔ وہ یہ گھر پانی کی سطح اور مختلف جگہوں سے اکھٹے کئے ریت کے ذرات سے بناتی ہے۔ لیکن حیران کن بات یہ ہے کے اس کا گھر بھی کسی ڈیزائنر کی تخلیق سے کم نہیں لگتا۔

٭ زیبرا کی خوبصورت دھاریاں

زیبرا اپنی منفرد دکھنے والی دھاریوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اور اس کے ایسے ڈیزائن کا مقصد کیموفلاج سمجھا جاتا ہے۔ مگر درحقیقت ایسا نہیں ہے۔ زیبرا کی دھاریاں قدرت نے خون چوسنے والے کیڑوں اور گھڑ مکھیوں سے بچنے کے لئے تخلیق کی ہیں۔ ان دھاریوں میں سےنکلنے والی لائٹ ویوز کیڑے مکوڑوں کو دور بھگاتی ہیں۔

٭ الکوحل خارج کرنے والی مچھلی

گولڈ فِش اپنے جسم میں سے 'ایتھینول' نامی مائع خارج کرتی ہے۔ ایسا صرف سخت سردی میں ہوتا ہے جب پانی جمنے کے درجہ حرارت پر پہنچنے لگتا ہے۔ مچھلی میں موجود خاص پروٹینز لیکٹک ایسڈ کو الکوحل میں تبدیل کردیتے ہیں۔ یہ الکوحل مچھلی کی باریک نسوں کو جمنے کے بعد پگھلتے وقت پھٹنے سے بچاتا ہے۔

٭ ایسی شارک جو انسان کو نہیں کھاسکتی

شارک مچھلی کے بعد دنیا کی دوسری بڑی مچھلی 'بیسکِنگ شارک' ہے۔ یہ مچھلی انتہائی بڑی ہونے کے با وجود کسی انسان یا دوسری مچھلی کو نگل نہیں سکتی۔ کیونکہ وہ صرف 'پلینکٹن' کو ہی اپنی غذا بناتی ہے۔

٭ دنیا کی سب سے بڑی چھپکلی

کوموڈو ڈریگن دنیا کی سب سے بڑی چھپکلی ہونے کے باوجود بہت کمزور ہے۔ حالانکہ اسکا زہر انتہائی خطرناک اور جان لیوا ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر یہ چھپکلی صرف کاٹنے کی کوشش کرے تو اسکے اپنے دانت اور کھوپڑی ہی ٹوٹ سکتی ہے۔

٭ کوالا بیئر

بھالو کی نسل، کوالا بیئرز اپنی معصوم شکل کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ یہ چھوٹے چھوٹے بھالو نہایت پیارے ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے علاوہ جو بات انکی خوبیوں میں اضافہ کرتی ہے وہ انکے پنجوں کے نشان ہیں۔ ریسرچرز کے مطابق یہ نشان انسان کے انگوٹھے یا انگلی کے نشان سے حددرجہ مماثلت رکھتے ہیں۔ اتنی کہ ماہریں بھی انسان اور کوالا کے فنگرپرنٹس میں فرق نہیں بتا سکتے۔