Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

زینب قتل کیس :مجرم عمران علی کو4 بار سزائے موت کا حکم

شائع 17 فروری 2018 11:30am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کو 4 بار سزائے موت کا حکم دے دیا۔

ہفتے کوکوٹ لکھپت جیل میں قائم انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سجاد احمد نے عدالتی تاریخ میں سات یوم میں ٹرائل مکمل کرتے ہوئے قصور کی زینب قتل کیس کامحفوظ کیا گیا فیصلہ سنا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

عدالت کی جانب سے ملزم عمران علی کو قتل، اغواء، ریپ اور دہشتگردی کی دفعہ 788کے تحت 4بار پھانسی  کی سزا سنائی گئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے زینب سے زیادتی کرنے پر عمر قید جبکہ لاش چھپانے پر 7سال قید کی سزا سنائی گئی، زینب کو قتل کرنے کا ہرجانہ 10 لاکھ روپے لواحقین کو ادا ہو گا، اغوا ءاور ریپ کرنے پر 10، 10 لاکھ  جبکہ لاش چھپانے پر 2 لاکھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت زینب کے والد، چچا اور بھائی کے علاوہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب احتشام قادر، پراسیکیوشن ٹیم اور ملزم عمران بھی کمرہ عدالت میں موجود تھا۔

کوٹ لکھپت کی اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروسیکیوٹر جنرل احتشام قادر نے کہا کہ ملزم نے کئی بچیوں کو درندگی کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مجرم نے پہلے ہی اپنے اوپر لگائے الزامات کو قبول کر لیا تھا لیکن پھر بھی اسے اپنے دفاع کا بھر پور موقع دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قصور میں 7 سالہ بچی زینب کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہونےپرملزم عمران علی کو گرفتارکیاگیا ،جس نے زینب کے علاوہ دیگر 7 بچیوں کو بھی زیادتی اور قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

زینب کیس ملک کے ہائی پروفائل مقدمات میں سے ایک بن چکا ہے۔