Aaj News

اتوار, اکتوبر 06, 2024  
02 Rabi Al-Akhar 1446  

تین اقسام کے باس اور ان سے نمٹنے کے طریقے

شائع 28 دسمبر 2017 08:12am

Untitled-1

باس اچھا ہو تو دفتر میں سب کے مزے ہوتے ہیں لیکن سخت گیر قسم کے باس سے اکثر ملازمین شاکی اور ناراض ہی رہتے ہیں۔

اگر آپ بھی اپنے باس کی نفسیات کو سمجھنا چاہتے ہیں تو یہ تحریر آپ ہی کیلئے ہے۔ اس میں باس کی 3 بڑی اقسام بیان کی گئی ہیں اور وہ سادہ تدابیر بتائی گئی ہیں جنہیں اختیار کرکے آپ اپنے باس کو مطمئن رکھتے ہوئے اپنی دفتری کارکردگی بھی بہتر بناسکتے ہیں۔

٭ پہلی قسم: آرام پسند باس

Related image

اس طرح کے باس کے ساتھ کام کرنا بہت آسان اور پرسکون تجربہ ہوتا ہے۔ لیکن اکثر ملازمین ایسے باس کو کاہل اور کام چور سمجھ بیٹھتے ہیں حالانکہ عموماً ایسا نہیں ہوتا۔ بظاہر دفتر کے کونے یا اپنے کیبن میں آرام کرنے والے باس کو اس سے غرض نہیں ہوتی کہ کام کیسے ہورہا ہے وہ تو صرف بہترین نتائج چاہتا ہے۔ وہ اپنے معاونین پر کڑی نظر ضرور رکھتا ہے لیکن اُن کے کاموں میں تب تک مداخلت نہیں کرتا جب تک اس کی اشد ضرورت محسوس نہ کرے۔ دراصل وہ اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو پوری آزادی دیتا ہے اور ایسے ماحول میں ایک اچھے کارکن کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا خوب موقعہ ملتا ہے۔

مشورہ: اگرچہ اس طرح کا باس آپ کے کام میں دخل اندازی نہیں کرتا لیکن مستقبل میں کسی بھی مشکل سے بچنےکیلئے اس سے وقتاً فوقتاً تبادلہ خیال کرتے رہیں اور اسے اپنے کام کی پیش رفت سے آگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی رائے بھی لیتے رہیں۔

٭ دوسری قسم : اکھڑ مزاج باس

Image result for Untrustworthy boss

ایک ایسا باس جو ہر مرحلے پر اپنے معاونین اور کارکنان کے سروں پر سوار رہتا اور حکم چلاتا رہتا ہے، اسے شکی مزاج یا'دوسروں پر بھروسہ نہ کرنے والا' باس بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بات بات پر بگڑ جاتا ہے، چیختا ہے، چلاتا ہے اور بعض مرتبہ بے سرو پا مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ جتانے کی کوشش کرتا ہے جیسے وہ دوسروں کی غلطیاں ہوں جنہیں اسے درست کرنا پڑرہا ہے۔ اپنے معاونین کی بے عزتی کرنے کے علاوہ اسے دوسروں پر اپنے فیصلے مسلط کرنے میں بھی بہت مزا آتا ہے۔ ایسے باس کے ساتھ کام کرنا بے حد مشکل ہوتا ہے اور ملازمین اکثر اس کے بیمار پڑنے یا بیرونِ ملک دورے کی دعائیں مانگتے رہتے ہیں۔

مشورہ: اگر آپ کا باس بھی اسی قبیل سے تعلق رکھتا ہے تو ادارے میں کوئی کام شروع کرنے سے بھی پہلے ان کی رہنمائی لیں اور ہر مرحلے کی تازہ ترین رپورٹ انہیں دیتے رہیں تاکہ آنے والے وقت میں آپ ایسے باس کی تنقید یا انتقامی کارروائی کا نتیجہ نہ بنیں۔

٭ تیسری قسم: مائیکرو مینیجر باس

Related image

اس قسم کے باس شکی یا اکھڑ مزاج تو نہیں ہوتے لیکن وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے ایک ایک فرد کے معمولات میں اور کام کی باریک ترین جزئیات میں بہت زیادہ دلچسپی لیتے نظر آتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں دفتر میں جاری ہر کام اور ہر کارکن کے بارے میں ’’سب کچھ‘‘ پتا ہو۔ یہاں تک کہ اگر کوئی ملازم تھوڑی تاخیر سے دفتر پہنچے تو یہ اس سے کرید کرید کر دیر ہونے کی وجہ پوچھتے رہتے ہیں۔ انہیں ہر روز کام کی پوری رپورٹ درکار ہوتی ہے جب کہ بعض انتہائی قسم کے مائیکرو مینیجر باس ہر ایک گھنٹے بعد رپورٹ مانگتے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن کارکنان کو ان سے سیکھنے کے بہت مواقع ملتے ہیں کیونکہ باس کی جزئیات پسندی ان میں بھی کام کو باریک بینی سے دیکھنے اور سمجھنے کے قابل بناتی ہے۔

مشورہ: اس طرح کے باس کو جہاں کام کی نوعیت اور تفصیلات سے بار بار آگاہ کرنا آپ کیلئے  مفید رہے گا، وہیں آپ اسے اپنی کارکردگی اور پیش رفت کے بارے میں بھی بتاتے رہئے تاکہ مستقبل قریب میں آپ کے لیے کوئی سنجیدہ مسئلہ پیدا نہ ہو۔

بشکریہ  TOI