Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

موسم سرما  میں روایتی بیماریوں سے بچنے کیلئے غذائیں

شائع 18 دسمبر 2017 01:28pm
ٖFile Photo ٖFile Photo

ملک میں موسم سرما جاری ہے اور بچے اپنی اسکول کی چھٹیاں سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔ تاہم سردی کے ساتھ ہی بہت سے بیماریوں میں بھی مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جس میں نزلہ ، زکام، کھانسی، سینے میں درد، سمیت مختلف بیماریاں شامل ہیں۔ لیکن بعض غذائیں ایسی ہیں جنہیں اگر ہم سردی میں استعمال کریں تو نہ صرف  موسم سرما میں ان بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ اپنی غذائی ضرورت بھی پورا کرتے رہتے ہیں۔ ذیل میں ایسی غذائیں بیان کی گئی ہیں۔

چکن سوپ

چکن سوپ ویسے تو ہر موسم میں نہ صرف آپکی غذائی ضرورت پوری کرتا ہے بلکہ اسکا استعمال آپکو نزلہ اور زکام سے بھی بچاتا ہے۔ اگر چکن سوپ میں سبزیوں کا بھی استعمال کیا جائے اسکے سردیوں میں صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

رس دار پھل

وٹامن سی کھانسی اور زکام کو کم کرنے میں اہم کردارادا کرتا ہے اور تحقیق سے بھی یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ اگر وٹامن سی کا استعمال سردیوں میں کیا جائے تو اس سے آپ کھانسی اور زکام سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ لہذا سردیوں میں اگر رس دار پھلوں کا استعمال کیا جائے تو یہ بھی مفید ہے کیونکہ اس میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

لہسن اور پیاز

        عام پیاز کے علاوہ ہری والی پیاز اور لہسن کا استعمال بھی سردیوں میں مفید ہے۔ لہسن بند ناک کھولنے میں انتہائی کارآمد شمار کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب پیاز میں ایسے بہت سے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو کہ انسان کے مدافعتی نظام کو مزید طاقت ور کرتے ہیں اور  یہ آپکو سردیوں میں بیماریوں سے تحفظ میں معاونت کرتا ہے۔

ادرک کی چائے

ادرک میں زکام اورکھانسی کا مقابلہ کرنے والے کئی اجزاء موجود ہوتے ہیں اور یہ بات تحقیق سے بھی ثابت ہوچکی ہے۔لہذا سردیوں میں ادرک کی چائے کا استعمال بھی کافی مفید ہے۔

شہد کا استعمال

سردیوں میں شہد کا استعمال بھی زکام اور کھانسی سے بچاتا ہے اور یہ بات تحقیق سے بھی ثابت ہے کہ اس میں کئی قدرتی طور پر ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو کہ جراثیم کیخلاف انتہائی مفید ہیں۔

مچھلی یا پھر سی فوڈ کا استعمال

سیلینیم وہ جز ہے جو کہ ہمارے جسم میں مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردارادا کرتاہے اور سی فوڈ یا مچھلی میں سیلینیم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ لہذا اگر مچھلی کو خوراک کا حصہ بنایا جائے تو اس سے بھی زکام اور کھانسی کو بھگانے میں مدد ملتی ہے کیونکہ یہ جز ان کو بھگانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

 کالی مرچ

کالی مرچ بھی کھانسی اور زکام سے بچانے میں کافی مدد کرتی ہے۔ اسہی طرح اگر پسی ہوئی کالی مرچ کو کٹی ہوئی ادرک اور سرکے میں ملا کر دواوں کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس سے دواوں کی تاثر بھی بڑھ جاتی ہے۔