Aaj News

جمعرات, مئ 01, 2025  
03 Dhul-Qadah 1446  

کلبھوشن جادیوکی والدہ اور اہلیہ 25 دسمبر کو پاکستان آئیں گی،دفترخارجہ

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2017 11:19am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا  کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیوکی والدہ اور اہلیہ ملاقات کیلئے 25 دسمبر کو پاکستان آئیں گی۔

جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ  بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن جادیو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے حوالے سے پاکستانی پیشکش کا جواب دے دیا ہے اور کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر کو بھیجا جارہا ہے، ملاقات سے متعلق دیگر معاملات طے کئے جارہے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کے سر پر خطے کی چوہدراہٹ کا بھوت سوار ہے اور بھارتی عزائم خطے کے امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں،بھارت کی جانب سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا تجربہ خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ پیدا کردے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے رواں برس 1300 سے زائد مرتبہ فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 54 بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کیا جب کہ 182 افراد زخمی بھی ہوئے، پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو متعدد بار ایل او سی پر فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی پر طلب کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ  بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، گزشتہ ہفتے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا جب کہ سید علی گیلانی اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو حراست میں رکھا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے القدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دیا ہے اور امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسے اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے کیونکہ امریکا کا یہ اقدام عالمی امن کے لئے خطرناک ہے، او آئی سی کی طرح باقی ممالک کو بھی چاہئے کہ وہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں۔

سی پیک منصوبے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ چین نے اقتصادی راہداری کے کسی بھی پروجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی اور نا ہی ایسی کوئی اطلاع ہمارے علم میں ہے، فنڈز کا اجرا مخصوص طریقہ کار کے ذریعے ہوتا ہے۔