Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

سری لنکن کھلاڑیوں کے لاہور میں کھیلنے پر شدید تحفظات، رپورٹ

شائع 14 اکتوبر 2017 10:37am

sri

سری لنکن کرکٹ کھلاڑیوں نے پاکستان  کے خلاف لاہورمیں  رواں مہینے تیسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر شدید تحفظات ظاہر کر دیے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق، بورڈ کانٹریکٹ رکھنے والے 40سری لنکن کھلاڑیوں نے ایک خط کے ذریعے اپنے بورڈ سے درخواست کی ہے کہ اس ٹی ٹوئنٹی میچ کو کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے۔

تاہم، سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام  کوشش کریں گے کہ کھلاڑیوں کو میچ کھیلنے پر رضا مند کر لیا جائے اور اس حوالے سے بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی پیر کو اجلاس منعقد کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق، سری لنکن کھلاڑیوں نے لاہور دورے سے قطعاً منع تو نہیں کیا لیکن ڈریسنگ روم کا ماحول سفر کرنے کے خلاف نظر آ رہا ہے۔

بورڈ کو ارسال کیے جانے والے خط   پر دستخط کرنے والے ایک کھلاڑی کا  خیال  ہےکہ ان کے باقی ساتھی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یاد رہے کہ موجودہ سری لنکن سکواڈ میں شامل سرنگا لکمل اور چمارا کپوگیدرا  2009 میں لاہور میں ہونے والے حملے کا نشانہ بنے تھے اور موجودہ ٹیم کے باقی کھلاڑی اس حملے کے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی ان کی پہلی ترجیح ہے اور اس حوالے سے فیصلہ ایگزیکٹیو کمیٹی میں ہو گا۔