Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ایس ایل :ملتان سلطانز کی شاندارکٹ اور لوگوکی رونمائی

اپ ڈیٹ 13 فروری 2019 10:19am

کراچی:پاکستان سپر لیگ کی چھٹی فرنچائز  ملتان سلطانز کا ایک منفرد تقریب میں تعارف کرایا گیا ، اس موقع پر ٹیم کی شاندار کٹ اور لوگوبھی متعارف کروائی گئی۔

جب سے شون گروپ نے پی ایس ایل کی چھٹی فرنچائز کے حقوق جیتے تھے، کرکٹ کے مداحوں کی دلچسپی عروج پر تھی، اس سے قبل 30کمپنیوں نے مجموعی طور پر ملتان سے برآمد ہونے والی اس فرنچائز کے لئے 12بولیاں لگائی تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر عشر شون نے کہا کہ ملتان سلطانز کا پرتباک استقبال دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہے، عوام کا پیار اور جذبہ دیکھ کر مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ ہم نے ایک بہترین ٹیم کو چنا ہے، ملتان سلطانز کا لوگو ہماری طاقت کی عکاسی اور ہماری آن فیلڈ یا آف فیلڈ شاندار کارکردگی کی ترجمانی کرتا ہے۔

ملتان سلطانز نے وسیم اکرم کا بطور ڈائریکٹر کرکٹ بھی انتخاب کیا، وسیم اکرم دنیا بھر میں دیگر  T20 فرنچائز ز کا ایک اہم حصہ رہے ہیں،جہاں انہوں نے اپنی ٹیموں کو کامیابی دلوانے میں منفرد کردار اداکیا ہے، اپنی حکمت عملیوں سے وسیم اکرم جوش وجذبے کا زبردست امتزاج ثابت ہوتے ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم سے اپنی وابستگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا ملتان سلطانز کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہوں، میں اپنی  مکمل کوششوں سے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پیش کرنے کی تلقین کروں گا۔

پی ایس ایل کی کامیابی کے بارے میں وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کا تیسرا سیزن اور بھی دلچسپ ہوگا کیونکہ اس بار ملتان  سلطانز کی شمولیت ہورہی ہے، اس کے علاوہ پاکستانی عوام کو ملک میں دل لبھانے والی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جب سے انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی ہوئی ہے ۔

آسٹریلوی کرکٹ کے سابق اسٹار ٹام موڈی بھی ملتان سلطانز کا بطور ہیڈ کوچ حصہ ہیں، موڈی کے پاس T20 فرنچائز اورکاؤنٹی کرکٹ کا تجربہ ہونے کے علاوہ سری لنکن ٹیم کو بحیثیت کوچ 2007 کے ورلڈ کپ فائنل تک لے جانے کا اعزاز بھی ہے۔

ٹام موڈی کی بطور ہیڈ کوچ شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے عشر شون نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ٹام موڈی اس کردار کو بھر پور انداز میں نبھائیں گے، ان کے پاس دیگر فرنچائز کے ساتھ کوچنگ کرنے کا کئی سال کا تجربہ ہے، جس کی بناء پر وہ نئے ٹیلنٹ اور پلیئرز کی ڈیویلپمنٹ میں بہت اہم کردار ادا کریں گے۔

ملتان سلطانز کی کرکٹ کے کھیل میں انٹری ایک ایسے وقت پر ہورہی ہے جب کرکٹ کو ملک بھر میں فروغ حاصل ہورہا ہے ، اس کی وجہ آئی سی سی چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی جیت اور انڈیپینڈنس کپ میں فتح ہے، جس سے کرکٹ کے شائقین کو انٹرنیشنل کرکٹ دیکھنے کا ایک اور موقع حاصل ہوا ہے۔