سنی لیون کا انتہائی متنازعہ اشتہار ہٹا لیا گیا
انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں لوگ ہندوؤں کے تہوار 'نو راتری' کے موقع پر ایک متنازعہ بل بورڈ اشتہار سے ناراض ہیں۔
نو راتری کا تہوار جمعرات سے نو روز کے لیے شروع ہوگیا ہے۔ اس موقع پر ریاست کے کئی شہروں میں اشتہارات کے لیے بڑے بل بورڈز نصب کیے گئے ہیں۔
اس اشتہار میں بولی وڈ اداکارہ سنی لیونی لوگوں سے کہہ رہی ہیں کہ 'اس بار نو راتری کھیلیں لیکن پیار سے۔‘
سنی لیونی کے اس اشتہار کو کمپنی کی جانب سے بہت ہی گھٹیا قدم قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی بہت سے لوگوں نے اپنے رد عمل میں اسے 'قابل اعتراض اشتہار' قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں کنفڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (سی اے آئی ٹی) نے حکومت سے شکایت کرتے ہوئے اس پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اشتہار کے خلاف شکایات کے بعد پولیس نے سورت اور وڈودرا جیسے شہروں میں درجنوں بل بورڈز کو ہٹا دیا ہے۔
لیکن سی اے آئی ٹی کے سیکرٹری جنرل کھنڈیلوال کا مطالبہ ہے کہ حکومت اشتہار دینے والی کمپنی اور اداکارہ سنی لیونی کے خلاف کارروائی کرے تاکہ 'جو لوگ اس طرح کے کاموں میں ملوث ہیں ان کے لیے یہ ایک مثال ثابت ہو'۔
اشتہار دینے والی کمپنی اپنے ایک بیان میں ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کمپنی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے 'اس اشتہار کا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا اور ہم فوری طور پر اسے واپس لیتے ہیں۔ ہمیں اس واقعے پر افسوس ہے'۔
اب تک سنی لیونی نے اس تنازع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث میں جہاں بہت سے لوگ اس اشتہار کے مخالف ہیں وہیں کچھ لوگ اس کی حمایت کرتے بھی نظر آتے ہیں۔
بشکریہ: بی بی سی اردو
Comments are closed on this story.