انڈیا میں ایک ماہ کے بچے کے سات دانتوں کا کامیاب آپریشن
انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں ڈاکٹروں نے ایک ماہ کے بچے کے سات دانتوں کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
بی بی سی ہندی کی سوشیلا سنگھ سے بات کرتے ہوئے آپریشن کرنے والے دانتوں کے سرجن ڈاکٹر میت راماتری نے بتایا کہ ’اب بچہ اب ٹھیک ہے۔‘
یہ آپریشن گذشتہ ماہ اگست میں کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر میت نے بتایا ہے کہ یہ آپریشن دو مراحل میں کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں چار جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر تین دانت نکالے گئے۔
بچے کے منہ میں دانتوں کے بارے میں اس کی پیدائش کے بعد معلوم ہوا تھا۔
بچے کے والدین اسے اس وقت بچوں کے ڈاکٹر کے پاس لے کر گئے جب اسے دودھ پینے میں دشواری ہو رہی تھی۔
بچوں کے ڈاکٹر نے جب اس بچے کا معائنہ کیا تو انھیں معلوم ہوا کہ اس بچے کے منہ میں سفید ٹشو موجود ہیں جس پر انھوں نے والدین کو ڈاکٹر میت راماتری سے ملنے کو کہا۔
ڈاکٹر میت راماتری نے بتایا کہ ’جب میں نے اس بچے کا معائنہ کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ اس بچے کے منہ میں سات دانت ہیں۔‘
تصویر بشکریہ: بی بی سی اردو
ان کا کہنا تھا کہ ’بعض اوقات نومولود بچوں کے منہ میں دانتوں کا اوپری حصہ دکھائی دیتا ہے لیکن وہ دانت کچھ وقت تک بڑھتے نہیں ہیں لیکن اس کیس میں دانت مکمل طور پر باہر آ چکے تھے۔‘
ڈاکٹر میت کا کہنا تھا کہ ’یہ معمول کے مطابق حیاتیاتی نظام کا حصہ ہے لیکن اس کیس میں یہ وقت سے پہلے ہی ہو گیا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ انھیں ہر حال میں ان دانتوں کو آپریشن کے ذریعے ہی نکالنا تھا کیونکہ وہ مضبوط نہیں تھے اور ڈر تھا کہ اگر ایک بھی دانت ٹوٹ گیا تو وہ بچے کی سانس کی نالی میں پھنس سکتا تھا جس سے اس کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔
بشکریہ: بی بی سی اردو
Comments are closed on this story.