Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

انٹرنیٹ کی لت جان لے گئی

شائع 15 اگست 2017 04:34am
-GETTY IMAGES -GETTY IMAGES

چین میں انٹرنیٹ کے عادی ایک نوجوان کی ہلاکت پر شدید غصہ پایا جاتا ہے جنھیں گذشتہ دنوں ہی ایک بحالی مرکز بھجوایا گیا تھا۔

اس نوجوان کی ہلاکت کےبعد ان متنازع بحالی مراکز پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق 18 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر کئی زخم آئے تھے جبکہ سینٹر کے ڈائریکٹر اور عملے کے ارکان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

یہ حادثہ رواں ماہ کے آغاز میں مشرقی صوبے آن ہوئی میں پیش آیا تھا۔

چین میں حالیہ دنوں کے دوران انٹرنیٹ اور گیمنگ کی لت سے چھٹکارہ دلوانے والے نام نہاد ’بوٹ کیمپس‘ کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ان کیمپس میں سے بعض تو اپنے فوجی رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ان پر شدید طریقہ کار کے باعث شدید تنقید بھی کی جاتی ہے۔

آن ہوئی میں پیش آنے والے اس حالیہ حادثے پر نوجوان کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے انٹرنیٹ کی شدید لت لگ گئی تھی جس پر وہ اور ان کے شوہر کسی قسم کی مدد نہیں کر سکتے تھے۔

بحالی مرکزGETTY IMAGES

آن ہوئی شینگ باؤ اخبار کے مطابق اس کے بعد اس نوجوان کے والدین نے انھیں فوینگ شہر میں واقع ایک مرکز بھیجنے کا فیصلہ کیا تاکہ ’نفسیاتی بحالی اور جسمانی ٹریننگ‘ کا استعمال کیا جا سکے۔

نوجوان کی ہلاکت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

لیکن ان کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں نے انھیں بتایا ہے کہ انھیں تقریباً 20 کے قریب بیرونی اور کئی اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ انھیں بعد میں مردہ خانے میں اس نوجوان کی لاش دیکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

آن ہوئی شینگ باؤ اخبار نے مس لیو کے حوالے سے لکھا: ’ میرے بیٹے کا جسم مکمل طور پر زخموں سے بھرا ہوا تھا۔ جب میں نے اپنے بیٹے کو اس مرکز بھیجا تھا تو وہ ٹھیک تھا، وہ کیسے 48 گھنٹوں کے اندر اندر مر سکتا ہے؟

سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس مرکز کے ڈائریکٹر اور عملے کے چار ارکان کو پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ حکام نے اس مرکز کو بند کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔