کرکٹ کی دلچسپ اصطلاحات پر ایک نظر
کرکٹ میں بہت ہی دلچسپ اورعجیب اصطلاحات کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ کمنٹیٹرز کی جانب سے متعارف کرائی جاتی رہتی ہیں ان اصطلاحات میں سے چند کو زیر غور لایا جارہا ہے،یقیناََیہ آپ کے لئے ایک دلچسپ تجربہ ثابت ہونگے۔۔
(Bouncer)باؤنسر
باؤنسر اس گیند کو کہا جاتا ہے جس کو پچ پر پیچھے پٹخا گیا ہو اور وہ گیند بیٹسمین کے کندھے یا منہ کے پاس سے گزرے۔
(Bye)بائے
اگر بیٹسمین کے جسم یا بلے سے لگے بناء ہی رنز بن جائے تو ایسے رن کو بائے کہتے ہیں یہ واقعہ سب سے پہلے سترہ سو ستر میں رونما ہوا تھا۔
(Leg Bye)لیگ بائے
اگر گیند بیٹسمین کے بلے کے بجائے اس کے جسم کو چھو جائے اور اس پر رنز بن جائیں تو ایسا رن لیگ بائے کہلاتا ہے۔
(Bat Carry)بیٹ کیری
بیٹ کیری اسے کہا جاتا ہے جب ایک اوپننگ بیٹسمین پوری اننگ بیٹنگ کرے اور دوسری طرف اس کی ٹیم کے سارے کھلاڑی آؤٹ ہوجائیں۔
(China Man)چائنا مین
جب ایک بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والا اسپنر گیند کر رہا ہو اور وہ گیند دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کے اندر کی جانب آرہی ہو تو اسے چائنا مین کہتے ہیں دوسرے لفظوں میں اسے یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والا لیگ اسپنر۔
(Chin Music)چن میوزک
جب کوئی فاسٹ بولر مسلسل بیٹسمین کے سر کی جانب گیندیں کر رہا ہواور بیٹسمین کو پریشان کرکے رکھ دے تو اسے چن میوزک کہا جاتا ہے مثلاََ وہاب ریاض بمقابلہ شین واٹسن کوارٹر فائنل ورلڈکپ دوہزار پندرہ ،یہ اصطلاح کیریبین میں متعارف ہوئی تھی۔
(Chuker)چکر ”بٹّا“
جب کوئی بولر ہاتھ کو جھٹکا دے کر گیند کرائے اسے چکر کہا جاتا ہے عموماََ کرکٹ میں بغیر ہاتھ گھمائے گیند کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔
(Yorker)یورکر
یہ وہ گیند ہوتی ہے جو بیٹسمین کے بالکل جوتے کے پاس کی جائے اس گیند کو بولر عموماََ ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور یہ گیند بیٹسمین کے لئے کھیل پانا بہت مشکل ہوتی ہے۔
(Bunny)بنی
عام طور پر گیارہویں نمبر کے بیٹسمین بیٹنگ میں اتنی مہارت نہیں رکھتے اور انہیں آؤٹ کرنا بہت آسان ہوتا ہے تو وہ بنی کہلاتے ہیں یا تو پھر ایسا بیٹسمین جو ایک ہی بولر سے بار بار آؤٹ ہوتا ہو تو وہ اس بولر کا بنی کہلاتا ہے۔
(Dead Ball)ڈیڈ بال
یہ وہ گیند ہوتی ہے جس پر نہ تو کوئی رن اسکور کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی وکٹ لی جاسکتی ہے ۔
(Declaration)ڈکلیریشن
جب کوئی پوری ٹیم بغیر آؤٹ ہوئے اننگز ختم کرنے کا اعلان کردے توا سے ڈکلیریشن کہا جاتا ہے۔
(Doosra)دوسرا
دوسراکو ایک آف اسپنر کی گوگلی بھی کہہ سکتے ہیں جسے ہاتھ کے پیچھے سے پھینکا جاتا ہے اور یہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین کے اندر کی بجائے باہر کی طرف ٹرن ہوجاتی ہے۔
(Googly)گوگلی
یہ لیگ اسپنر کا ایک ہتھیار ہوتا ہے یہ گیند جیسے سیدھے ہاتھ کے آف اسپنر کی باہر جاتی ہے اسی طرح لیگ اسپنر کی یہ گیند اندر آتی ہے۔
(Duck)ڈک
اگر کوئی بیٹسمین صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوجائے تو اسے کرکٹ کی اصطلاح میں ڈک کہاجاتا ہے اور اسے بلوب بھی کہتے ہیں ۔
(Full Toss)فل ٹاس
اگرکوئی گیند پچ کو بغیر چھوئے بیٹسمین تک پہنچ جائے تو یہ فل ٹاس کہلاتی ہے اور عم طور طور پریہ بیٹسمینموں کی پسندیدہ گیند ہوتی ہے کیونکہ اسے کہیں بھی مارا جاسکتا ہے ۔
(Beamer)بیمر
اگر کوئی بولر بغیر ٹپّا دیئے بیٹسمین کی ناف سے اوپر گیند کردے تو وہ بیمر کہلاتی ہے اور اسے نو بال قرار دیا جاتا ہے ۔
(No Ball)نوبال
جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے بیمر نوبال کہلاتی ہے اسی طرح نو بال کی کئی اور اقسام ہوتی ہیں جیسے بولر اگر لائن سے آگے قدم رکھ کر گیند کر دے تو وہ بھی نو بال ہوتی ہے اور بیٹسمین کو اس گیند کی وجہ سے اگلی گیند پر فری ہٹ بھی مل جاتی ہے۔
(Free Hit)فری ہٹ
یہ بولر کے نو بال کرنے پر اسے سزا کے طور پر بھگتنی پڑتی ہے اس پر بیٹسمین رن آؤٹ کے سوا آؤٹ قرار نہیں دیا جاسکتا اور اسے بیٹسمین کسی بھی جگہ کسی بھی طرح کھیل سکتا ہے۔
(Wide Ball)وائیڈ بال
یہ وہ گیند ہوتی ہے جو بیٹسمین کی پہنچ سے باہر ہوتی ہے اور اس سفید لائن سے بھی جو کہ بولر کے لئے گیند کرنے کی حدود ہوتی ہے اس گیند کی صورت میں مخالف ٹیم کو ایک اضافی رن مل جاتا ہے اور بولر کو یہ گیند بھی دوبارہ کرنی پڑتی ہے۔
(Hit Wicket)ہٹ وکٹ
جب کو ئی بلے باز گیند کھیلتے ہوئے وکٹ سے ہی ٹکراجائے تو اسے ہٹ وکٹ کہا جاتا ہے اور بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا جاتا ہے۔
(Ton)ٹون
اگر کوئی بیٹسمین کسی اننگز میں اکیلے سو یا اس سے زائد رنز کی انفرادی اننگز کھیل دے تو اسے سنچری یا ٹون کہتے ہیں۔
Comments are closed on this story.