Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ان غذاؤں کا ضرورت سے زیادہ استعمال صحت کیلئےخطرناک ثابت ہوسکتا ہے

شائع 04 جولائ 2017 08:56am
Foods Foods

کہا جاتا ہے اگر ایک انسان صحت مند اور توانائی سے بھرپور زندگی گزارنا چاہتا ہے تو اسے اپنی خوراک میں صحت مند غذا کا استعمال بھی لازمی کرنا چاہئیے۔ صحت مند غذائیں بے شک انسان کو وہ تمام چیزیں مہیاء کرتی ہیں جن کی ایک انسانی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں اگر انہی صحت مند غذاؤں کا استعمال ضرورت سے زیادہ کیا جائے تو وہ آپ کے لئے زہرِ قاتل کی حیثیت بھی اختیار کرسکتی ہیں اور آپ کے جسم کو فائدے کے بجائے شدید نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہیں۔

جوس

Juice Juice

جب صحت مند غذاؤں کا نام لیا جائے تو ہمارے ذہن میں سب سے پہلے سبزیوں اور پھلوں کے جوس کا خیال آتا ہے ان جوسز میں چقندر، گاجر، کریلا،کینو، آم، انار اور کیلے وغیرہ بہت مشہور ہیں۔ ڈاکٹرز بھی بیماری یا کمزوری کی حالت میں ان جوسز کو لازمی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

تاہم ایک رپورٹ کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کا جوس انسان کو وٹامنز، منرلز اور پروٹین وغیرہ تو فراہم کرتا ہے لیکن اگر اس کا موازنہ تصویر کے دوسرے رخ سے کیا جائے تو یہ پتا لگتا ہے کہ صرف 8 اونز کینو کا جوس 112 کیلوریز اور 20.8 گرام شوگر پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ اگر اسی پھل کو بنا جوس بنائے کھایا جائے تو اسی 8 اونز میں صرف 62 کیلوریز اور 12.8 گرام شوگر ہوتی ہے۔

اس رپورٹ سے یہ بات اخذ کی گئی کہ پھل یا سبزی کو جوس بنانے کے بجائے اس کی اصل حالت میں استعمال کیا جائے تو جوس بنانے کی نسبت زیادہ فائدہ مند ہے اور نقصان بھی کم ہے۔

سیلمون فِش

Salmon Salmon

پھلوں اور سبزیوں کی طرح مچھلی کا شمار بھی صحت مند غذاؤں میں کیا جاتا ہے۔ تاہم شہرت کے اعتبار سے سیلمون فِش کو باقی مچھلیوں پر فوقیت دی جاتی ہے کیونکہ اس میں وافر مقدار میں پروٹینز اور اومیگا 3 موجود ہوتے ہیں۔

لیکن کلیو لینڈ کلینک کے مطابق اس مچھلی کا ضرورت سے زیادہ استعمال صحت کے لئے ٹھیک نہیں کیونکہ یہ جنگلات کے آلودہ پانی میں پلتی ہیں جس کے باعث اگر اس کا استعمال حد سے زیادہ کیا جائے تو یہ آپ کو کینسر جیسی مہلک اور جان لیوا بیماری میں بھی مبتلا کرسکتا ہے۔

ناریل کا تیل

Coconut Coconut

ناریل کے تیل کے فوائد سے کون واقف نہیں ہے، اس کے بے شمار فوائد کی وجہ سے اس کا استعمال تقریبا ہر چھوٹے بڑے گھر میں ہوتا ہے۔ناریل کے تیل کو خوشگوار مہک کی بدولت کھانے کی اشیاء میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

لیکن آپ کو یہ بات مدنظر رکھنی چاہیئے کہ اس تیل کا ضرورت سے زیادہ استعمال آپ کو موٹاپے کا شکار بنا سکتا ہے اور آپ کو دل کی بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔

دل کی بیماری ایک انتہائی مہلک مرض ہے جس سے بچاؤ کے لئے ناریل کے تیل کا استعمال بھی ایک حد تک ہی ٹھیک رہتا ہے۔

یہ آرٹیکل صرف عام معلومات کے لئے ہے اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ایک بار مشورہ کرلیں۔

بشکریہ چِیٹ شِیٹ ہیلتھ اینڈ فٹنس