Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پلاسٹک سرجری کی خبر بے تکی بکواس ہے: عائشہ ٹاکیا

شائع 20 جون 2017 06:43am
عائشہ ٹاکیا

بالی وڈ میں فلم 'وانٹڈ'، 'ٹارزن دا ونڈر کار' اور 'ڈور' جیسی فلموں سے اپنی شناخت بنانے والی اداکارہ عائشہ ٹاكيا نے شاید کبھی سوچا نہ ہو کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہوگا۔

گذشتہ دنوں عائشہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور کہا گیا کہ انھوں نے اپنے چہرے کی پلاسٹک سرجری کرائی تھی جو اب خراب ہو رہی ہے۔

سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم 'وانٹیڈ' سنہ 2009 میں آئی تھی اور بے حد مقبول ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے ان کے ساتھ فلم 'سلام عشق' میں بھی اداکاری کی ہے۔ شاہد کپور کے ساتھ ان کی فلم 'پاٹھشالا' یعنی سکول بھی مقبول ہوئی تھی۔

عائشہ ٹاکیا کو اس تصویر سے منسلک خبروں کو میڈیا کے سامنے آ کر بذات خود مسترد کرنا پڑا۔ عائشہ نے اسے بے تکی خبر کہا ہے۔

سنہ 2017 کے آغاز میں ایک فنکشن میں لی گئی تصویر کی وجہ سے عائشہ ٹاكيا کو ٹوئٹر پر ٹرول کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

سلمان خان عائشہ ٹاکیاتصویر کے کاپی رائٹGETTY IMAGES
Image captionوانٹید فلم عائشہ ٹاکیا کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عائشہ کہا: 'جب یہ خبریں آئیں، اس وقت میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ گوا میں تھی۔ ہم سب اس خبر پر ہنس رہے تھے۔ یہاں کوئی بخشا نہیں جاتا۔ ہر مہینے ہر دوسرا اداکار ٹرول ہوتا ہے۔ یہ بالکل بے تکی بات تھی۔ جن قریبی لوگںو نے مجھے دیکھا تھا وہ جانتے تھے کہ یہ محض بکواس ہے۔'

اس خبر نے جب سوشل میڈیا پر طول پکڑا تو عائشہ نے انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر ڈال کر ٹرول کرنے والوں کو جواب دیا۔

سوشل میڈیا میں ٹرولنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے عائشہ نے مزید کہا: 'جو اداکار ملک و بیرون ملک اچھے کام کر رہے ہیں، پھر بھی انھیں ٹرول کیا جا رہا ہے۔ میرے خیال سے ان تمام منفی چیزوں پر توجہ ہی نہیں دینی چاہیے۔'

ٹویٹتصویر کے کاپی رائٹTWITTER
Image captionٹوئٹر پر یہ تصویر ٹرول کر رہی تھی

سوشل میڈیا کے فوائد بتاتے ہوئے عائشہ نے کہا کہ اب اداکار خود سے منسلک افواہ پر صفائی دے سکتے ہیں جبکہ پہلے اداکاروں کو ایسا موقع نہیں ملتا تھا۔

عائشہ سے بی بی سی نے دریافت کیا کہ بالی وڈ میں خوبصورت نظر آتے رہنے کا کتنا دباؤ رہتا ہے اور یہ کہ اداکارائیں پلاسٹک سرجری کرواتی ہیں اور رازداری رکھتی ہیں؟

اس پر جواب دیتے ہوئے عائشہ کہتی ہیں: 'اب فلموں میں جاذب نظر ہونے سے زیادہ پرفارمنس اور کہانیاں اہم ہیں۔‘

سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو اعظمی عائشہ ٹاكيا کے سسر ہیں، جو اکثر خواتین کے لباس پر قدامت پسند تبصرے کی وجہ سے تنازعات میں رہتے ہیں۔

عائشہ ٹاکیاتصویر کے کاپی رائٹPEARL MEDIA PR

عائشہ اپنے سسر ابو اعظمی کے بارے میں ایک سوال پر کہتی ہیں: 'وہ میرے سسر ہیں۔ میں ان کا احترام کرتی ہوں۔ ہمارا خاندان بہت اچھا ہے اور ہم ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں۔ خاندان میں ہر رکن کا اپنا مختلف خیال ہوتا ہے جو بالکل درست بھی ہے۔ اگرچہ ہماری سوچ نہیں ملتی تاہم ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور آپس میں رابطہ رکھتے ہیں اور لوگو کی باتوں پر توجہ نہیں دیتے۔

ماں بننے کے بعد عائشہ ٹاكيا نے فلموں سے بریک لے لیا تھا۔ اب ان کا بیٹا بڑا ہو گیا ہے اس لیے اب وہ فلموں میں اداکاری کے لیے وقت نکال پا رہی ہیں اور جلد ہی بچوں کی فلم میں نظر آئیں گی۔

اس عرصے میں عائشہ نے انسانوں کی سمگلنگ کے متعلق بیداری پیدا کرنے والے میوزک ویڈیو 'زندگی یہ زندگی' میں نظر آئی ہیں۔

بشکریہ بی بی سی