Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہالی وڈ اداکار نے میری 14 سالہ بیٹی پر تشدد کیا ،نادیہ خان

شائع 25 مئ 2017 09:04am

nadia-khan1

دبئی: پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے  الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ہالی وڈ اداکار نے ان کی  بیٹی پر تشدد کیا ہے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق  نادیہ خان نے  اپنی 14 سالہ بیٹی پر ہالی وڈ اداکار اور امریکن چلڈرن  ٹیلنٹ  ہنٹ کے سی ای او( قانونی وجوہ کی بناء پر نام نہیں ظاہر کیا گیا)کی جانب سے تشدد کا الزام لگاتے ہوئے  ان کے خلاف دبئی پولیس میں شکایت درج کروادی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ  وہ وہاں اپنی بیٹی کے ساتھ آڈیشن میں شرکت کرنے گئی تھیں  لیکن  شو کے سی ای او نے نہ صرف اس کے ساتھ بدسلوکی کی بلکہ اسے دھکا بھی دیا ،وہاں موجود  سینکڑوں والدین کے سامنے یہ سب کچھ ہوا جو اپنے بچوں کے ساتھ آڈیشن میں شرکت کیلئے آئے تھے،تاہم شکایت درج کرنے کے بعد پولیس نے 47 سالہ ہالی وڈ اداکار کو  سوالات پوچھنے کیلئے البرشا پولیس اسٹیشن طلب کرلیا ہے۔

نادیہ خان نے   سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر اپنے محسوسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں اپنی بیٹی کے ساتھ آڈیشن میں آئی تھی کہ اسے اچھا لگے گا  لیکن یہاں آکر مجھے زندگی کا  سب سے بڑا جھٹکا لگا ،جب میری بیٹی آڈیشن روم  میں گئی  شو کے جج  نے اسے بہت زور سے بازوؤں سے پکڑا  اور دھکا دیا ،میری بیٹی وہاں موجود تمام بچوں میں پہلی نوجوان لڑکی تھی ،اسے صرف دو لائنز کا اسکرپٹ دیا گیا  لیکن اس سے پہلے کہ وہ لائنیں ادا کرتی    اداکار نے اسے دھکا دیااور وہ وہاں موجود دوسرے والدین پر جا گری ،مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا کہ میں نے کیا دیکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ میر ی بیٹی کو ہاتھ بھی لگائے  چاہے وہ اکیلی ہو یا  لوگوں کے درمیان ہو ،کوئی اس پر تشدد نہیں کرسکتا ،میری بیٹی اس حادثے کے بعد روتی رہی ہے اس کا اعتماد ختم ہو کر رہ گیا ہے۔

وا ضح رہے کہ نادیہ اپنی بیٹی کو لے کر وہاں سے اسپتال  چلی گئی تھیں جہاں  میڈیکل رپورٹ میں تشدد  کی تصدیق کردی گئی ہے۔