Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سری دیوی میرے لیے اس دنیا میں موجود نہیں ہے،ارجن کپور

شائع 24 مئ 2017 08:55am

arjun-1

ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار اور انیل کپور کے بھتیجے  ارجن کپور کی ان کی سوتیلی ماں سری دیوی سے نفرت کسی سےڈھکی چھپی نہیں ہے وہ اس بات کا اقرار کرچکے ہیں  وہ سری دیوی کو بالکل پسند نہیں کرتے اور  انہیں اپنی  ماں کا درجہ کبھی نہیں دیں گے۔

مقامی ویب سائٹ کے مطابق  ارجن  کاایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ  سری دیوی ان کیلئے صرف ان کے والد کی بیوی ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں  جبکہ اپنی سوتیلی بہنوں جھانوی اور خوشی کپور کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ"نہ میں ان سے ملتا ہوں نہ ہم نے کبھی ایک ساتھ وقت گزارا ہے  لہٰذا وہ میرے  لیے اس دنیا میں موجود نہیں ہیں"۔

ارجن کی جانب سے دیا گیا یہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ  وہ اپنی سوتیلی ماں اور بہنوں سے  تعلق رکھنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے،انہوں نے اپنی سگی ماں مونا کپور کے بارے میں جذباتی لہجے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ   وہ اس دنیا میں موجود نہیں ہیں  میں انہیں دیکھ نہیں سکتا ،میں نے اپنی خود کی ایک پہچان بنائی ہے میں نے اپنی زندگی میں وہ سب کیا ہے جو وہ چاہتی تھیں۔

میری ماں نے میرے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں ،میں انہیں دیکھنا چاہتا ہوں ،میری خواہش ہے کہ  میں انہیں بتا سکتا کہ ماں آپ کو مجھ پر فخر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں لوگوں کو ہمیشہ کہتا ہوں  آپ کے والدین آپ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،آپ کو لگتا ہے کہ وہ آپ کے ساتھ ہیں  لیکن سوچیں جب وہ آپ کے ساتھ نہیں ہوں گے  اس وقت آپ کو سمجھ نہیں آئے گا کہ آپ کیا کریں ،میں اپنی زندگی گزشتہ  5 برسوں سےریڑھ کی ہڈی (اپنی والدہ)کے بناء جی رہاہوں۔

واضح رہے کہ ارجن کپور نے اپنی والدہ کو 2012 میں اس وقت کھودیا تھا  جب ان کی پہلی فلم"عشق زادے"ریلیز ہونے والی تھی،انہوں نے اپنی ماں کے بناء بہت مشکل وقت گزارا ہے۔

یاد رہے کہ ارجن کپور اور شردھا کپور کی حال ہی میں ریلیز  ہونے والی فلم"ہاف گرل فرینڈ"شائقین میں بے حد پسند کی جارہی ہے فلم 4 دنوں میں 37 کروڑ15 لاکھ کا بزنس کرچکی ہے۔