Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پرانی اور بند جگہوں پر بھوت کیوں نظر آتے ہیں؟ سائنس نے وجہ بتا دی

صدیوں سے انسان جنوں  اور بھوتوں کی کہانیاں سنتے آرہے ہیں۔ کہا جاتا ہےکہ جن اوعر بھوت اکثر خالی اور پرانی عمارتوں میں...
اپ ڈیٹ 24 اگست 2023 09:10pm

صدیوں سے انسان جنوں  اور بھوتوں کی کہانیاں سنتے آرہے ہیں۔ کہا جاتا ہےکہ جن اوعر بھوت اکثر خالی اور پرانی عمارتوں میں بسیرا کرتے ہیں۔ لیکن اب سائنس نے آسیب زدہ اور ڈراؤنی جگہوں کی پول کھول دی ہے۔

امریکا کی کلارکسن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر راجرز کا کہنا ہے کہ پرانی عمارتوں میں دل گھبرانا، دم گھٹنا اور آوازیں سنائی دینا حقیقی ہے، تاہم اس کی وجہ بھوت پریت نہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور ایک مخصوص پھپھوند ہے۔

پروفیسر راجرز کہتے ہیں کہ  طویل عرصےسے بند عمارتوں یا گھنے درختوں سے بھری نم جگہوں پر زہریلی پھپھوند کی افزائش ہوتی ہے جس کے اثرات ہوا میں شامل ہوکر انسان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں۔ ان جگہوں کا آلودہ اور گھٹن زدہ ماحول نہ صرف جسمانی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے بلکہ دل کی دھڑکن تیز ہونے، سر چکرانے، موڈ میں اچانک تبدیلی، بلاوجہ غصہ آنے اور سمعی وبصری مسائل کا سبب بھی بنتا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ گویا کوئی غیر مرئی مخلوق ہم پر اثر انداز ہورہی ہے۔

ایسے ماحول میں بعض لوگ عجیب و غریب مخلوقات نظر آنے یا ڈراؤنی آوازوں کے بارے میں بھی بتاتے ہیں جو درحقیقت عصبی نظام پر ماحول کے اثرات کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ پروفیسر راجرز کا کہنا ہے کہ وہ امریکا میں درجنوں ایسی جگہوں پر تجربات کرچکے ہیں کہ جن کےبارے میں کئی دہائیوں سے ڈراﺅنی کہانیاں مشہور تھیں اور ان تمام جگہوں پر ماحولیاتی عوامل ہی سرگرم عمل نظر آتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ انہیں خود بھی ان جگہوں پر خوف، گھٹن اور آوازیں سنائی دینے جیسی کیفیات محسوس ہوئی ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ اس کا سبب کوئی نظر نہ آنے والی مخلوق نہیں بلکہ ان جگہوں کا مخصوص ماحول ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ کو بھی کوئی ایسا مسئلہ درپیش ہے تو گھبرانے کی بجائے متاثرہ جگہ کی مکمل اور بہترین صفائی کروائیں، یہ  مسئلے کو ہمیشہ کیلئے حل کرسکتی ہے۔

بشکریہ ڈیلی میل