ڈرامہ سیریل "عہدِ وفا" کی شوٹنگ روک دی گئی
اسلام آباد: ایم ڈی پروڈکشنز اور آئی ایس پی آر کے تعاون سے تیار کیے جانے والے معروف ڈرامہ سیریل عہد وفا کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دو اہم اداکار احمد رضا میر اور وہاج علی کو ڈینگی بخار کی وجہ سے ڈرامے کی مزید شوٹنگ روک دی گی ہے۔
ذرائع کے مطابق شوٹنگ میں تعطل کی ایک اور اہم وجہ یہ بھی ہے کہ صرف 17 اقساط کا اسکرپٹ تحریر کیا گیا ہے جبکہ 15 اقساط کی شوٹنگ مکمل ہوسکی ہے۔ شوٹنگ کو مزید آگے بڑھانے کے لیے 5 اقساط کی اسکرپٹ مزید ضروری ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فی الحال احد رضا میر ملک سے باہر ہیں، جبکہ وہاج علی آہستہ آہستہ صحت یاب ہورہے ہیں۔
ڈرامہ سیریل "عہد وفا" کو ناظرین میں زبردست پذیرائی ملی ہے۔ یہ ڈرامہ سیریل وطن کے ایسے جانباز سپوتوں کی داستان ہے جو اس کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بھی بہانے کو تیار ہیں۔
یہ چار دوستوں کی کہانی ہے جوزندگی کے مختلف نشیب و فراز ایک ساتھ طے کرتے ہیں، ان کی زندگی ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہے۔
پاک فوج میں خدمات کے دوران وہ وفا کو نہ صرف عہد سے منسوب کرتے ہیں بلکہ اس عہد کو پورا کرتے ہوئے کبھی دشمن کے سامنے کوہ گراں ثابت ہوئے ہیں تو کبھی اس کی حفاظت کی خاطر اپنی جان سے بھی گذر جاتے ہیں۔
یہ ڈرامہ کہانی کے رائٹر مصطفی آفریدی اور آئی ایس پی آر اور ایم ڈی پروڈکشن کی مشترکہ پیشکش ہے۔ کاسٹ میں عثمان خالد بٹ، احد رضا میر، احمد علی اکبر، وہاج علی، زارا نور عباسی، ونیزہ احمد اور دیگر شامل ہیں۔
ناظرین نے عہد وفا کو بے حد پسند کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سیریل نے الفا براوو چارلی اور اس جیسے پی ٹی وی کے دیگر لازوال ڈراموں کی یاد تازہ کردی۔
Comments are closed on this story.