Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

میرے پاس تم ہو: کہانی چوری کا بھارتی دعویٰ، ہمایوں سعید کا جواب

شائع 02 نومبر 2019 04:57am

کراچی: پاکستان میں جاری مقبول ڈرامہ سیریل "میرے پاس تم ہو" کی کہانی چرائے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس پر ہمایوں سعید کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔

ڈرامہ سیریل "میرے پاس تم ہو" اپنی بہترین کہانی اور کرداروں کی بہترین اداکاری کی وجہ سے ناصرف پاکتسن بلکہ بھارت میں بھی موضوعِ بحث ہے۔ یہاں تک کہ بھارتی رائٹر کی جانب سے اس ڈرامے کی کہانی کو اپنا بتانے کا جھوٹا دعویٰ بھی سامنے آگیا ہے۔

مشہور بھارتی فلم "عاشقی ٹو" کی مصنفہ شگفتہ رفیق کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے ڈرامہ "میرے پاس تم ہو" کی کہانی ہمایوں سعید کو کچھ سال قبل سنائی تھی جس کے بعد اداکار نے اسے اپنی کہانی بنا کر ڈرامہ بنا دیا۔

بھارتی مصنف کی جانب سے کئے گئے جھوٹے دعوے پر ہمایوں سعید نے ایک ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ شگفتہ رفیق میری بہت اچھی دوست ہیں لیکن اُن کا جو دعویٰ ہے اس میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں، کیوںکہ حقیقت تو یہ ہے کہ خلیل صاحب کا لکھا ہوا یہ اسکرپٹ اداکار و پروڈیوسر حسن سومرو سے خریدا تھا کیوں کہ وہ پروڈکشن چھوڑ کر بیرون ملک جا رہے تھے۔

ہمایوں سعید نے یہ بھی کہا کہ میں نے جب یہ اسکرپٹ پڑھا تو بہت پسند آیا اور اس حوالے سے خلیل صاحب کو بھی کہا کہ شاید آپ صرف مجھے ہی اچھے اسکرپٹ دیتے ہیں لیکن آپ نے تو حسن سومرو کو بھی اچھے اسکرپٹ دیئے ہیں اور آج مجھے فخر ہے کہ میں نے یہ اسکرپٹ حسن سومرو سے خرید لیا تھا۔