پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف 4 سال بعد آج (21 اکتوبر بروز ہفتہ) وطن واپس پہنچے اور مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کیا، جس کے بعد سابق وزیراعظم جاتی امراء پہنچ گئے۔
نواز شریف جلسہ گاہ میں بنے اسٹیج پر پہنچے تو مریم نواز نے والد کے گلے لگ کر استقبال کیا اور دونوں آبدیدہ ہوگئے۔
نوازشریف نے دیگر لیگی رہنماؤں کو بھی گلے لگایا۔ اسٹیج پر شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور اسحاق ڈار سمیت دیگر لیگی قیادت بھی موجود تھے۔
نوازشریف نے ہاتھ اٹھا کر کارکنان کے نعروں کا جواب دیا اور جلسہ گاہ میں آتش بازی کی گئی، جس کے بعد پورا مینارِ پاکستان پارٹی ترانوں اور نعروں سے گونجتا رہا۔
بعدازاں مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ جاتی امراء پہنچ گئے۔
نواز شریف نے اپنے والد، والدہ اور اہیلہ بیگم کلثوم نواز کی قبروں پر حاضری دی، ان کے ہمراہ خاندان اور ن لیگی رہنما بھی شریک ہوئے۔
نواز شریف نے تینوں کی قبروں پر پھول رکھے اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
نواز شریف کی وطن واپسی
دبئی سے پروان بھرنے والا طیارہ تقریباً پونے 2 بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوا اور ایک بج کر 50 منٹ پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرگیا تاہم وہاں طیارہ 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے کے بعد تقریبا 5 بجے لاہور پہنچ گیا جہاں سے نواز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر مینار پاکستان جلسہ گاہ پہنچ گئے۔
نوازشریف وطن واپسی کے لیے دبئی ایئرپورٹ پہنچے، ان کا طیارہ 10 بج کر 42 منٹ پر دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا اور خصوصی طیارے نے تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
نواز شریف کی جلسہ گاہ آمد پر مریم نواز نے خطاب کیا، اس موقعے پر جلسہ گاہ ن لیگی پرچموں اور کارکنان سے بھری نظر آئی۔
جلسہ گاہ پہنچ کر نواز شریف نے لیگی قیادت کے ہمراہ نماز مغرب ادا کی۔
نواز شریف کا جلسہ گاہ میں دیکھ کر مریم نواز آبدیدہ ہو گئیں۔