پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن اپنے پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر خاصے پُرجوش ہیں اور ملک کے مختلف حصوں سے قائد کے استقبال کیلئے لاہور کا رُخ کر رہے ہیں۔ کوئٹہ سے بھی ن لیگ کے قافلے بذریعے ٹرین روانہ ہوئے اور شاہانہ خرچ بھی دیکھنے میں آیا۔ جبکہ کراچی سے بھی لیگی متوالے بذریعہ ٹرین لاہور روانہ ہوئے۔
کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹرین بک کرانے کی کاپی آج نیوز نے حاصل کرلی۔ جس کے تحت کوئٹہ اسپیشل ٹرین کی روانگی سے ادائیگی کو مشروط کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) نے کوئٹہ اسپیشل ٹرین کو تین روز کے لئے بک کروایا اور 40 لاکھ 16 ہزار روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے۔
ٹرین 680 برت اور سیٹوں پر مشتمل ہے اسپیشل ٹرین میں 6 بوگیاں لگائی گئی ہیں۔
مسلم لیگ ن کی بک کروائی گئی اسپیشل ٹرین کی واپسی 22 اکتوبر شام 6 بجے ہوگی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے استقبال کے لیے کراچی سے روانہ ہونے والی خصوصی ٹرین حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی۔
ٹرین میں سوار سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی پاکستانیوں کے لیے خوش حالی کی نوید ہے۔
انھوں نے کہا کہ نوازشریف معاشی ایجنڈا لے کر آرہے ہیں، ضروری تھا کہ نوازشریف وطن آکر ن لیگ کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں، قوم نے موقع دیا تو ایک بار پھر بحرانوں پر قابو پائیں گے۔