Aaj Logo

شائع 07 جولائ 2023 05:04pm

عراقی شہری اور برطانوی خاتون کا دل سینے کے بجائے بیگ میں دھڑکتا ہے

صحت مند زندگی قدرت کا بہت بڑا تحفہ ہے کچھ افراد ایسے بھی ہیں جن کے دل کی دھڑکنیں مصنوعی طور پر چلتی ہیں، یہاں ہم آپ کو عراقی شہری ربیع اور برطانوی خاتون سیلوا کے بارے میں بتارہے ہیں۔

عراقی شہری 39 سالہ ربیع نو سال سے اپنا دل بیگ میں رکھ کر چل رہا ہے۔ میڈیا گروپ الشرق الاوسط سے بات کرتے ہوئے ربیع کا کہنا ہے کہ اصل دل کی دھڑکنوں اور مصنوعی دل میں فرق تو ہے لیکن وہ زندگی کو انجوائے کررہا ہے۔

ربیع کا کہنا ہے کہ ’وہ جہاں بھی جاتا ہے اپنا دل بیگ میں رکھ کر ہمراہ لے جاتا ہے۔ زندگی معمول کے مطابق گزار رہی ہے۔ دل کا مریض ہونے کی وجہ سے اس کی مجبوری ہے کہ مصنوعی دل بیگ میں رکھ کر چلے۔‘

ربیع نے بتایا کہ ’بعض لوگ یہ سمجھتے ہوں گے کہ مصنوعی دل کی وجہ سے اسے نہ تو غصہ آتا ہوگا اور نہ ہی خوشی کا احساس ہوتا ہو گا۔‘ لیکن ’ایسا کچھ بھی نہیں ہے بلکہ وہ پیار بھی کرتا ہے، نفرت بھی کرتا ہے اور غصے کا اظہار بھی کرتا ہے۔ عام انسان کی طرح زندگی گزارتا ہے۔‘

برطانوی خاتون

برطانیہ کی پاک آنلائن نیوز کے مطابق سیلوا حسین ہر وقت اپنی پیٹھ پر 6 کلو گرام وزنی بیگ رکھتی ہیں۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی سیلوا کا 2017 میں زندگی بچانے والا آپریشن ہوا تھا جس کے بعد سے وہ اپنا مصنوعی دل بیگ میں رکھتی ہیں۔

بیگ میں بیٹریاں، ایک برقی موٹر اور ایک پمپ ہے جو ٹیوب کے ذریعے ہوا کو ان کے سینے میں پلاسٹک کے چیمبروں کو طاقت دینے کے لئے دھکیلتا ہے جو ان کے جسم کے ارد گرد خون پھیلاتا ہے۔

Read Comments