سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرسیم نے آنکھوں کورگڑنے سے خبردارکیا ہے کیونکہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
بینائی قدرت کی عطا کردہ بہت بڑی نعمت ہے اس کی حقیقی قدر تو بینائی سے محروم افراد ہی جان سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سیم جنرل فزیشن ہیں انھوں نے آنکھوں کی اہمیت اور انھیں رگڑنے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنکھوں کو رگڑنا وقتی طور پر تو اچھا لگ سکتا ہے لیکن اس سے ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے اور آپ اندھے بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ آنکھوں کو رگڑنے کا دباؤ آپ کی بینائی کو خراب کر سکتا ہے اور کچھ معاملات میں آپ کو مکمل طور پر بینائی سے محروم بھی کرسکتا ہے۔ ’انگلیوں کی نوکوں یا پچھلے حصے سے آنکھیں رگڑنے سے دباؤ بڑھ جاتا ہے۔‘ اور اگر آپ کم بصیرت رکھتے ہیں تو اپنی آنکھوں کو کبھی نہ رگڑیں۔
ڈاکٹر سیم نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ تہمید راشد کی کہانی سنائی جو آنکھوں کو رگڑنے کی عادت میں مبتلا تھا۔ جو بعد میں ایک آنکھ سے مکمل طور پر اندھا ہو گیا تھا اور دوسری سے زیادہ تر بینائی کھو بیٹھا۔
انہوں نے کہا کہ آنکھوں کو رگڑنے سے آپ کی آنکھوں کا دباؤ 20 گنا بڑھ سکتا ہے۔ ’اگر آپ کو آنکھوں کو رگڑنے کی عادت ہے تو آپ اسے ختم کردیں۔‘
یاد رہے کہ ایک آنکھوں کے ماہر نے یہ وضاحت کرتے ہوئے خوف میں اضافہ کیا ہے کہ کم بصیرت رکھنے والے افراد کو اسکائی ڈائیونگ جیسی سرگرمیوں سے بھی محتاط رہنا چاہئے، جو اندھے پن کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
ڈاکٹر سیم کا کہنا ہے کہ آنکھوں کو رگڑنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی حالت شاذ و نادر ہی ہوتی ہے اور یہ 2000 میں سے ایک شخص کو متاثر کرتی ہے۔