امریکی صدر جوزف روبینیٹ بائیڈن جونئیر المعروف جو بائیڈن ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی آنجہانی ساتھی کا نام پکارتے رہے۔
بدھ کے روز جو بائیڈن انڈیانا کی ریپبلکن ترجمان جیکی والورسکی کو ڈھونڈتے رہے، جو دو ماہ قبل ایک کار حادثے میں وفات پاچکی ہیں۔
بھوک، غذائیت اور صحت سے متعلق وائٹ ہاؤس کی ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران بائیڈن نے منتخب عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کانفرنس بلانے کے لیے قانون سازی کی، والورسکی ان میں شامل تھیں۔
بائیڈن نے ایک طرف دیکھتے ہوئے نرم آواز میں کہا، ”جیکی تم یہاں ہو؟ جیکی کہاں ہے؟“
امریکی صدر نے کہا، ”وہ یہاں ہونے والی تھی۔“
"Jackie are you here? Where's Jackie?"
— Charlie Spiering (@charliespiering) September 28, 2022
Rep. Jackie Walorski (R-IN) died in a car accident in August pic.twitter.com/cHc3b7zPmE
خیال رہے کہ والورسکی اور ان کے دو ساتھی 3 اگست کو انڈیانا میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
بائیڈن کی اس حرکت سے ریپبلکنز کے حملوں کو ہوا مل سکتی ہے جو کہتے رہے ہیں کہ بائیڈن ”حواس کھو چکے ہیں“ اور صدارتی منصب سنبھالنے سے قاصر ہیں، جبکہ بائیڈن کے اتحادیوں کا اصرار ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح فٹ ہیں۔
بائیڈن نومبر میں 80 سال کے ہوں گے، اور اگر وہ 2024 میں دوبارہ انتخاب جیتتے ہیں، تو وہ عہدہ چھوڑنے پر 86 سال کے ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے بدھ کی سہ پہر نیوز بریفنگ کے دوران بائیڈن کے رویے کی وضاحت کرنے کی کوشش کی اور سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا والورسکی، بائیڈن کے دماغ میں ”سب سے اوپری درجہ“ رکھتی تھیں۔